سندھ کی تقسیم مرتے دم تک قبول نہیں: شرجیل میمن

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ اسمبلی کی قراردادوں کی کوئی حیثیت نہ ہونے کی بات وہی شخص کر سکتا ہے جو میرٹ پر اسمبلی میں نہ آیا ہو، جو اسمبلی کی قدر نہیں کرتا اسے ایوان میں بیٹھنے کا بھی حق نہیں۔

سندھ اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے کہا کہ جو شخص ووٹ لے کر کامیاب ہو کر آیا ہو، وہ اسمبلی کی توہین نہیں کر سکتا، اس طرح کی باتیں جعلی مینڈیٹ، فارم 47کی پیداوار اور چور دروازے سے ایوان میں آنے والے لوگ ہی کر سکتے ہیں۔

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن نے کہا ہے کہ صوبوں کی تشکیل یا تقسیم کا فیصلہ اسمبلیوں نے کرنا ہے، سندھ اسمبلی اپنا حتمی فیصلہ دے چکی ہے اور سندھ کی تقسیم کسی صورت قبول نہیں، مرتے دم تک یہی مؤقف رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے واضح کیا ہے کہ پیپلز پارٹی نے کبھی تشدد کی بات نہیں کی، جن شہروں کا نام بلاول بھٹو نے لیا، وہاں ماضی میں تشدد کے واقعات ہوتے رہے اور یہ تشدد الطاف حسین اور ان کے قریبی ساتھیوں نے کیا۔

شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ آئین کے مطابق صوبے سے متعلق متعلقہ صوبائی اسمبلی کا فیصلہ حتمی حیثیت رکھتا ہے، ہم پنجاب میں بھی وہی مؤقف اختیار کر رہے ہیں جو سندھ میں رکھتے ہیں، اگر پنجاب اسمبلی یہ فیصلہ کرتی ہے کہ اسے نئے صوبے قبول نہیں تو ہمیں بھی یہ فیصلہ قبول ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ سندھ اسمبلی دس مرتبہ قرارداد منظور کر چکی ہے کہ صوبے کو نئے صوبوں کی ضرورت نہیں، چیئرمین بلاول بھٹو کا بھی واضح مؤقف ہے کہ کسی کو کسی فیصلے پر بحث کرنی ہے تو پارلیمنٹ میں کرے، قانون میں تبدیلی پارلیمنٹ کے ذریعے ہونی چاہیے، ٹاک شوز میں نہیں۔

سینئر وزیر نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی بدولت آج ہم اس اسمبلی میں بیٹھے ہیں، شہید بھٹو، شہید بے نظیر بھٹو اور چیئرمین بلاول بھٹو نے پاکستان کو مضبوط بنانے کے لیے کام کیا ہے۔

شرجیل انعام میمن نے سندھ میں بدانتظامی کے الزامات کو پروپیگنڈا قرار دیتے ہوئے کہا کہ پورے پاکستان سے لوگ علاج کے لیے سندھ آتے ہیں، آج پاکستان کو تھر کے کوئلے سے بجلی فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ سندھ میں دنیا کی تاریخ کا سب سے بڑا منصوبہ بھی جاری ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...