آئی ایل ٹی 20، نکولس پوران نے سپر اوور کی آخری گیند پر چھکا لگا کر ایم آئی امارات کو فتح دلا دی
دبئی: (سید مدثر خوشنود) متحدہ عرب امارات میں جاری ڈی پی ورلڈ انٹرنیشنل لیگ ٹی 20 کے پانچویں سیزن میں ایم آئی امارات نے انتہائی سنسنی خیز مقابلے کے بعد دفاعی چیمپئن ڈیزرٹ وائپرز کو سپر اوور میں شکست دے دی۔
زاید کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ویسٹ انڈیز کے جارح مزاج بلے باز نکولس پوران نے سپر اوور کی آخری گیند پر چھکا لگا کر اپنی ٹیم کو یادگار فتح دلائی، یہ آئی ایل ٹی 20 کی تاریخ کا دوسرا سپر اوور تھا، جبکہ ایم آئی امارات نے رواں سیزن میں ڈیزرٹ وائپرز کے خلاف مسلسل دوسری کامیابی حاصل کی۔
ایم آئی امارات نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 186 رنز بنائے، کوشل پریرا نے 45 گیندوں پر 76 رنز کی اننگز کھیلی، جبکہ نکولس پوران نے 57 گیندوں پر 8 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 89 رنز بنائے۔
دونوں بلے بازوں نے 62 گیندوں پر 103 رنز کی شراکت قائم کی۔ ڈیزرٹ وائپرز کی جانب سے ٹام کرن اور مجیب الرحمان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی، جبکہ پاکستانی آل راؤنڈر شاداب خان نے بھی ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
187 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ڈیزرٹ وائپرز کے پاکستانی بلے باز بابر اعظم اور فخر زمان نے 45 رنز کا آغاز فراہم کیا۔ بابر اعظم 11 جبکہ فخر زمان 29 گیندوں پر 42 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اینڈریز گوس نے 35 اور شمرون ہیٹمائر نے 25 رنز بنائے۔
کرس جارڈن اور راشد خان کی عمدہ بولنگ کے باعث ڈیزرٹ وائپرز مشکلات کا شکار ہوگئی، تاہم مقامی کھلاڑی وریتیا اروند اور خزیمہ تنویر نے مزاحمت جاری رکھی، آخری اوور میں 19 رنز حاصل کرکے ڈیزرٹ وائپرز نے 8 وکٹوں کے نقصان پر 186 رنز بنائے اور میچ برابر کر دیا، کرس جارڈن اور راشد خان نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔
سپر اوور میں ڈیزرٹ وائپرز نے ایک وکٹ کے نقصان پر 7 رنز بنائے، جواب میں ایم آئی امارات کو آخری گیند پر فتح کیلئے 5 رنز درکار تھے، جس پر نکولس پوران نے خزیمہ تنویر کی گیند پر چھکا لگا کر اپنی ٹیم کو کامیابی دلا دی، شاندار اننگز پر پوران کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، ان کے ناقابل شکست 89 رنز نے انہیں آئی ایل ٹی 20 کی تاریخ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والا بلے باز بھی بنا دیا۔
میچ کے بعد ڈیزرٹ وائپرز کے پاکستانی کپتان شاداب خان نے کہا کہ ایسے سنسنی خیز مقابلے شائقین کرکٹ کیلئے انتہائی دلچسپ ہوتے ہیں، تاہم ان کی ٹیم کو پورے 40 اوورز میں کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے دباؤ میں اچھی کارکردگی دکھانے پر اماراتی کھلاڑیوں وریتیا اروند اور خزیمہ تنویر کی بھی خصوصی تعریف کی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments