دبئی میں طلبہ کیلئے سائیکلنگ پروگرام شروع، محفوظ سفر کی تربیت نصاب میں شامل
دبئی: (سید مدثر خوشنود) دبئی کی نالج اینڈ ہیومن ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے مختلف سرکاری اداروں کے تعاون سے دبئی سائیکلسٹ پروگرام کا آغاز کردیا، جس کا مقصد کم عمری سے طلبہ میں محفوظ اور ذمہ دارانہ سائیکلنگ کی صلاحیتوں کو فروغ دینا ہے۔
نئے پروگرام کے تحت دبئی کے شریک نجی اسکولوں میں طلبہ کی عمر اور صلاحیت کے مطابق سائیکلنگ کی تعلیم اور عملی تربیت کو جسمانی تعلیم کے نصاب کا حصہ بنایا جائے گا۔
اس دوران طلبہ کو کلاس روم میں بنیادی معلومات فراہم کرنے کے ساتھ سائیکل چلانے کی عملی مشقیں بھی کرائی جائیں گی تاکہ وہ محفوظ انداز میں سائیکلنگ کے اصول سیکھ سکیں۔
المدثر نیوز ایجنسی کے مطابق اس منصوبے میں دبئی روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی، دبئی پولیس، دبئی بلدیہ اور کمیونٹی ڈیولپمنٹ اتھارٹی بھی تعاون کررہی ہیں، پروگرام کا آغاز دبئی فٹنس چیلنج کے موقع پر کیا گیا ہے۔
یہ اقدام دبئی ایجوکیشن اسٹریٹجی 2033ء، دبئی سوشل ایجنڈا 33 اور دبئی اربن ماسٹر پلان 2040ء کے مقاصد سے ہم آہنگ ہے، پروگرام کے ذریعے طلبہ میں جسمانی سرگرمیوں کو معمول بنانے، سڑکوں پر محفوظ سفر کے اصول اپنانے اور ماحول دوست ذرائع آمدورفت کے استعمال کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔
اس منصوبے کو نوجوان نسل میں صحت مند طرز زندگی اور ذمہ دار شہری رویوں کے فروغ کی کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments