افغانستان: اسعد آباد دھماکے میں 30 خوارج ہلاک، 28 زخمی ہونے کا دعویٰ

کابل: (دنیا نیوز) افغانستان کے صوبے کنڑ کے شہر اسعد آباد میں ہونے والے دھماکے سے متعلق حقائق سامنے آگئے، ذرائع کے مطابق دھماکہ فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے سوات کے دہشت گرد، بارودی مواد کے ماہر اور ٹرینر سمندر استاد کے گھر میں ہوا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سمندر استاد کا گھر بارودی سرنگیں تیار کرنے اور خوارج کو دھماکہ خیز مواد کے استعمال کی تربیت دینے کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔

دھماکے کے وقت 20 سے 25 خوارج کو بارودی مواد استعمال کرنے کی تربیت دی جا رہی تھی جبکہ ساتھ والے کمروں میں رکھا بارود بھی دھماکے سے پھٹ گیا۔

ذرائع کے مطابق دھماکے میں 30 خوارج ہلاک اور 28 زخمی ہوئے۔ واقعے میں فتنہ الخوارج سے منسلک 3 سے 4 گھر اور ساتھ واقع سرکاری مڈل سکول کے 2 کمرے مکمل طور پر تباہ ہوگئے۔

ذرائع کا دعویٰ ہے کہ سرکاری مڈل سکول کے 28 سے 30 طلبہ جاں بحق جبکہ 3 اساتذہ سمیت 120 سے 130 افراد زخمی ہوئے، طالبان رجیم نے فوری طور پر علاقے کو گھیرے میں لے کر عام شہریوں کا داخلہ بند کر دیا۔

ذرائع کے مطابق طالبان رجیم واقعے پر پردہ ڈالنے کے لیے اسے نورستان کے ایک کان کن ٹھیکیدار کے بارودی گودام میں ہونے والا دھماکہ قرار دے رہی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان میں دہشت گرد حملوں کے لیے تیار کیے جانے والے دیسی ساختہ بم افغان بچوں کی جان لے گئے۔

فتنہ الخوارج آبادی کے درمیان گھروں میں تربیتی سرگرمیاں جاری رکھ کر اور بارودی سرنگیں تیار کرکے افغان شہریوں کو انسانی ڈھال بنا رہا ہے۔

ماہرین کے مطابق طالبان رجیم کی جانب سے واقعے پر پردہ ڈالنا فتنہ الخوارج کی کھلی سرپرستی کا ثبوت ہے جبکہ دہشت گردوں کی سرپرستی کی قیمت افغان بچے اپنی جانوں سے ادا کر رہے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...