دبئی میں گلوبل فیشن ڈیزائنر اینڈ سوشل میڈیا انفلوئنسر ایوارڈز 2026ء کی رنگا رنگ تقریب
دبئی: (سید مدثر خوشنود) متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں فیشن، ڈیجیٹل میڈیا اور تخلیقی صنعتوں سے وابستہ نمایاں شخصیات کی خدمات کے اعتراف میں گلوبل فیشن ڈیزائنر اینڈ سوشل میڈیا انفلوئنسر ایوارڈز 2026ء کی شاندار تقریب منعقد ہوئی، جس میں اماراتی شخصیات، کاروباری رہنماؤں، فیشن ڈیزائنرز، سوشل میڈیا انفلوئنسرز، فنکاروں اور میڈیا نمائندگان نے شرکت کی۔
تقریب کے دوران فیشن ڈیزائننگ، ڈیجیٹل کانٹینٹ، موسیقی، میک اپ آرٹس اور دیگر تخلیقی شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والی شخصیات کو ایوارڈز اور خصوصی اعزازات سے نوازا گیا۔
تقریب کا آغاز دی اسکائی ڈریمز ایونٹ مینجمنٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر فیصل امین کے افتتاحی خطاب سے ہوا، جنہوں نے مہمانوں، ایوارڈ حاصل کرنے والی شخصیات اور شرکاء کا خیرمقدم کیا۔
فیصل امین نے کہا کہ تقریب کے انعقاد کا بنیادی مقصد باصلاحیت افراد کی حوصلہ افزائی، ان کی پیشہ ورانہ کامیابیوں کا اعتراف اور تخلیقی شعبوں میں نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایسے بین الاقوامی پلیٹ فارمز مختلف ثقافتوں سے تعلق رکھنے والے افراد کے درمیان روابط مضبوط بنانے اور نوجوان نسل کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
.jpg)
المدثر نیوز ایجنسی کے مطابق بیونڈ کاسا رئیل اسٹیٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سنیل ناصر نے اپنے خطاب میں سوشل میڈیا انفلوئنسرز کے مثبت کردار اور تخلیقی صنعتوں کے فروغ کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں سوشل میڈیا جدید ابلاغ، عوامی آگاہی، کاروباری ترقی اور معاشرتی روابط مضبوط بنانے کا مؤثر ذریعہ بن چکا ہے۔
تقریب میں میجر ریٹائرڈ عمر المرزوقی، سفیر لیلیٰ رحال العطفانی، عبدالقدوس، احمد صالح، دار السادات ایونٹ مینجمنٹ کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر نعیم چوہدری، سیدہ صبا، ایم پی سنگھ اور رویندر سنگھ سمیت متعدد ممتاز شخصیات شریک ہوئیں۔

ایوارڈز کی تقریب میں فیشن ڈیزائنرز، سوشل میڈیا انفلوئنسرز، ٹک ٹاک کریئیٹرز، گلوکاروں اور میک اپ آرٹسٹس سمیت مختلف تخلیقی شعبوں سے وابستہ شخصیات کی خدمات کو سراہا گیا۔
شرکاء کو پیشہ ورانہ تجربات کے تبادلے، باہمی روابط کے فروغ اور مستقبل میں مشترکہ منصوبوں پر گفتگو کا موقع بھی ملا۔
مقررین نے دبئی میں تخلیقی صنعتوں کی ترقی اور مختلف قومیتوں سے تعلق رکھنے والے باصلاحیت افراد کو مواقع فراہم کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments