ہنگو میں سی ٹی ڈی اور پولیس کا مشترکہ آپریشن، تین دہشت گرد ہلاک
ہنگو: (دنیا نیوز) کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اور ڈسٹرکٹ پولیس ہنگو نے مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران اتحاد المجاہدین پاکستان (آئی ایم پی) سے تعلق رکھنے والے تین دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
پولیس کے مطابق کارروائی کمپنی روڈ کے قریب نیلم پہاڑ کے مقام پر تھانہ صدر کی حدود میں کی گئی۔
حکام نے بتایا کہ گزشتہ چند روز سے مذکورہ علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی اور پولیس سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی سے متعلق اطلاعات موصول ہو رہی تھیں، جس پر سی ٹی ڈی اور ضلعی پولیس نے مشترکہ کارروائی کی۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں نے پولیس اور سی ٹی ڈی اہلکاروں کو دیکھتے ہی اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی، جس پر اہلکاروں نے اپنے دفاع میں مؤثر جوابی کارروائی کی۔
دوسری جانب فائرنگ کا تبادلہ تقریباً 35 سے 40 منٹ تک جاری رہا، جس کے نتیجے میں تین دہشت گرد ہلاک ہو گئے، تاہم ان کے دیگر ساتھی فائرنگ کے دوران فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، جن کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔
علاوہ ازیں ہلاک دہشت گردوں میں سے ایک کی شناخت خلفان احمد ولد نظیر احمد، سکنہ بنوں کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ دیگر دو دہشت گردوں کی شناخت کا عمل جاری ہے، خلفان احمد دہشت گردی کی متعدد وارداتوں میں ملوث اور سی ٹی ڈی کو مطلوب تھا۔
حکام کا کہنا تھا کہ ہلاک دہشت گرد ڈی ایس پی دیار خان سمیت 10 پولیس اہلکاروں کی شہادت اور 15 سے زائد اہلکاروں کو زخمی کرنے کے واقعات میں ملوث تھا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے تین ایس ایم جیز اور نو میگزین بھی برآمد ہوئے جب کہ فائرنگ سے سرکاری گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments