اسلام آباد میں مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ سیل، بیٹا اسجد محمود گرفتار

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد میں مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ سیل کر دی گئی، مولانا کے بیٹے اسجد محمود کو گرفتار کر لیا گیا۔

اسلام آباد کی انتظامیہ نے مولانا فضل الرحمان کے اہل خانہ کو 30 منٹ کی مہلت دی، مولانا کے اہل خانہ رہائش گاہ سے روانہ ہو گئے،  مالک مکان امان اللہ کی گھر کی الاٹمنٹ منسوخ کر دی گئی۔

اسلام آباد انتظامیہ مولانا فضل الرحمان کی رہائشگاہ کو سیل کرنے آج صبح پہنچی، جہاں علاقہ مجسٹریٹ اپنی ٹیم کے ساتھ گھر کے باہر موجود رہے، اس موقع پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی۔

کارروائی کے موقع پر مولانا فضل الرحمان کے گھر جانے والے راستوں پر پولیس کے اہل کار الرٹ رہے جبکہ سڑک سے ان کی رہائش گاہ کی جانب جانے والی گلی کو بھی ناکا لگا کر بند کردیا گیا تھا۔

سی ڈی اے کے حکم نامے کے مطابق گھر کے مالک امان اللہ کی رہائشی پلاٹ کی الاٹمنٹ منسوخ کردی گئی ہے۔

حکم نامےمیں کہا گیا ہے کہ حکومتی ایجنسیوں نے اطلاع دی ہے کہ امان اللہ غیر ملکی شہری ہیں جبکہ ان کا پاکستانی شناختی کارڈ بھی منسوخ ہوچکا ہے، ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اسلام آباد کی رپورٹ اور نادرا کی تصدیق کے بعد امان اللہ کا پاکستانی شناختی کارڈ منسوخ کیا گیا۔

سی ڈی اے کے مطابق امان اللہ کو 26 نومبر کو طلبی کا نوٹس جاری کیا گیا تھا تاہم ان کے پیش نہ ہونے پر گھر کی الاٹمنٹ منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا، شوکاز نوٹس مکان کے احاطے میں چسپاں کر کے کارروائی سے آگاہ کیا گیا۔

جے یو آئی ترجمان اسلم غوری نے کہا ہے کہ جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان کے صاحبزادے مولانا اسجد محمود کو گرفتار کرلیا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...