کرکٹ آسٹریلیا کا 2018 کے دورہ جنوبی افریقا کے دوران سینڈ پیپر سکینڈل پر اہم اعلان

سڈنی: (ویب ڈیسک) کرکٹ آسٹریلیا نے 2018 کے دورہ جنوبی افریقا کے دوران پیش آنے والے واقعات اور اس کے بعد ہونے والی تحقیقات کا جائزہ لینے کے لیے انڈیپنڈنٹ فورم کے ٹی او آرز جاری کردیے۔

کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق انڈیپنڈنٹ فورم کی سربراہی آزاد بیرسٹر فیونا میکلیوڈ کریں گی، جنہیں حساس نوعیت کی تحقیقات اور قومی اہمیت کے معاملات میں 30 سال سے زائد کا تجربہ حاصل ہے۔

فورم میں 2018 کے دورہ جنوبی افریقا میں شامل تمام آسٹریلوی کھلاڑیوں اور سپورٹ سٹاف کو شرکت کی دعوت دی جائے گی جبکہ اس وقت کے کرکٹ آسٹریلیا کے عہدیداروں سمیت بورڈ ڈائریکٹرز بھی اپنا مؤقف پیش کرسکیں گے۔

کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق فورم میں شرکت رضاکارانہ ہوگی اور کسی کو شرکت پر مجبور نہیں کیا جائے گا۔ شرکا ذاتی طور پر آن لائن یا تحریری بیانات اور متعلقہ دستاویزات کے ذریعے اپنا مؤقف پیش کرسکیں گے۔

انڈیپنڈنٹ فورم چھ ہفتوں تک کام کرے گا جبکہ فورم کو فراہم کی جانے والی تمام معلومات خفیہ رکھی جائیں گی، البتہ متعلقہ شرکا اس کے برعکس اجازت دے سکتے ہیں۔

کرکٹ آسٹریلیا نے واضح کیا ہے کہ اس عمل کے نتیجے میں کسی کے خلاف ماضی کے واقعات پر کوئی پابندی یا سزا عائد نہیں کی جائے گی۔ آزاد بیرسٹر کی رپورٹ اور سفارشات مکمل طور پر شائع کی جائیں گی۔

کرکٹ آسٹریلیا بورڈ رپورٹ موصول ہونے کے 30 روز کے اندر اپنی سفارشات پر ردعمل اور آئندہ اقدامات کا اعلان کرے گا۔

کرکٹ آسٹریلیا کے چیئرمین ڈیوڈ بون کا کہنا ہے کہ فیونا میکلیوڈ کی سربراہی میں قائم فورم تمام کھلاڑیوں اور اسٹاف کو محفوظ ماحول میں اپنا مؤقف پیش کرنے کا موقع فراہم کرے گا۔

ڈیوڈ بون کے مطابق یہ فورم کرکٹ آسٹریلیا کے لیے واقعات کو سمجھنے، متعلقہ افراد کی بات سننے اور ماضی سے سبق سیکھنے کا بہترین موقع ہے۔

انہوں نے کہا کہ رپورٹ اور سفارشات مکمل شائع کرنا شفافیت کے عزم کا حصہ ہے، فورم کا مقصد کسی کو سزا دینا یا مورد الزام ٹھہرانا نہیں بلکہ حقائق جاننا اور ان سے سیکھنا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...