وزیر توانائی سے آئی ایف سی وفد کی ملاقات، بجلی سستی کرنے کے اقدامات پر غور

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری سے آئی ایف سی کے ریجنل نائب صدر عماد فاخوری کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے وفد نے ملاقات کی، جس میں توانائی اصلاحات، نجکاری اور سرمایہ کاری کے فروغ سمیت بجلی کی قیمتوں میں استحکام کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران توانائی کے شعبے میں جاری اصلاحات، نجکاری کے عمل اور نجی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے امکانات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، اس موقع پر ٹیرف فنانسنگ کے ذریعے بجلی کی قیمتوں میں استحکام پیدا کرنے اور انہیں بتدریج کم کرنے کیلئے مختلف اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔

وفاقی وزیر اویس لغاری نے کہا کہ حکومت کے تمام اصلاحاتی اقدامات کا بنیادی مقصد صارفین کو ریلیف فراہم کرنا ہے، بجلی کے نرخوں میں اضافے کو روکنے اور ان میں بتدریج کمی لانے کیلئے ٹیرف فنانسنگ سمیت جدید مالیاتی ذرائع کا استعمال ناگزیر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل کو فروغ دینے اور ترقیاتی منصوبوں میں مالی نظم و ضبط یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہے۔

ملاقات میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری، ایڈوانسڈ میٹرنگ انفراسٹرکچر کے نفاذ اور نیشنل گرڈ کی استعداد کار میں اضافے سے متعلق امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔

وفاقی وزیر اویس لغاری نے کہا کہ کمرشل فنانسنگ کو فروغ دینے اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے کیلئے عالمی مالیاتی اداروں کی تکنیکی معاونت کا خیرمقدم کرتے ہیں، انہوں نے توانائی کے شعبے میں اصلاحات اور ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کیلئے عالمی اداروں کے ساتھ تعاون کو مزید مستحکم بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

آئی ایف سی کے ریجنل نائب صدر عماد فاخوری نے کہا کہ ورلڈ بینک گروپ اور آئی ایف سی پاکستان کے پاور سیکٹر میں مالیاتی استحکام اور پائیدار ترقی کیلئے اپنا بھرپور تعاون جاری رکھیں گے۔

ملاقات میں توانائی کے شعبے میں جاری اصلاحات اور منصوبوں کی بروقت تکمیل کیلئے باہمی اشتراک مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...