وزیراعظم فیول سبسڈی سکیم،1 کروڑ 84 لاکھ افراد مستفید ہو چکے: شزا فاطمہ
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم فیول سبسڈی اسکیم کے تحت اب تک 10 کروڑ سے زائد فیول ٹوکن جاری کیے جا چکے ہیں، جبکہ ایک کروڑ 84 لاکھ سے زائد افراد اس اسکیم سے مستفید ہو چکے ہیں۔
وفاقی دارالحکومت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شزا فاطمہ خواجہ کا کہنا تھا کہ مشرق وسطیٰ میں جنگ کے باعث عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، جس کے بعد وزیراعظم نے بڑھتی ہوئی پٹرولیم قیمتوں کے اثرات سے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے مشکل فیصلے کیے۔
انہوں نے بتایا کہ پٹرول ریلیف کے لیے سبسڈی کی مد میں اب تک 52 ارب روپے جاری کیے جا چکے ہیں، موٹر سائیکلوں، رکشوں اور چھوٹی گاڑیوں کے مالکان اس اسکیم سے مستفید ہوئے ہیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پوری دنیا جدید ٹیکنالوجی کی جانب بڑھ رہی ہے اور حکومت نے بھی جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے عوام کو ٹارگٹڈ سبسڈی فراہم کی۔ عوام تک ریلیف پہنچانے کے لیے تمام متعلقہ محکموں نے مل کر کام کیا۔
آخر میں شزا فاطمہ خواجہ نے فیول سبسڈی سکیم پر تعاون کرنے پر پٹرول پمپ مالکان کا بھی شکریہ ادا کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments