ابوظہبی میں کاروباری لائسنس سے کاروبار کے آغاز تک کا وقت 53 فیصد کم کرنے کا ہدف مقرر
ابوظہبی: (سید مدثر خوشنود) ابوظہبی کے محکمہ اقتصادی ترقی نے سرمایہ کاروں اور کاروباری اداروں کیلئے تجارتی لائسنس کے حصول سے کاروبار کے باقاعدہ آغاز تک درکار وقت میں اوسطاً 53 فیصد کمی لانے کا ہدف مقرر کیا ہے۔
اس منصوبے کے تحت ابتدائی مرحلے میں پانچ اہم معاشی شعبوں میں انتظامی طریقہ کار آسان بنایا جارہا ہے تاکہ کاروبار شروع کرنے کے مراحل کو تیز اور سہل بنایا جاسکے۔
محکمہ اقتصادی ترقی کے انڈر سیکرٹری حمد سیاح المزروعی نے گلف نیوز کو بتایا کہ اس منصوبے میں 16 مقامی اور وفاقی سرکاری ادارے شریک ہیں۔
اصلاحاتی اقدامات کے ذریعے کاروباری مراحل میں 31 فیصد جبکہ سرمایہ کاروں کی جانب سے استعمال ہونے والے مختلف انتظامی پلیٹ فارمز کی تعداد میں 77 فیصد کمی لانے کا ہدف بھی مقرر کیا گیا ہے۔
المدثر نیوز ایجنسی کے مطابق ابتدائی اصلاحات خوراک و مشروبات، تعلیم، صحت، بیوٹی اینڈ ویلنس اور صنعتی شعبوں میں متعارف کروائی جارہی ہیں۔
ان اقدامات سے ابوظہبی میں کاروبار شروع کرنے کے خواہش مند پاکستانی تاجروں اور سرمایہ کاروں کو بھی مستقبل میں فائدہ پہنچنے کی توقع ہے، کیونکہ انتظامی مراحل کم ہونے سے کاروباری سرگرمیوں کا آغاز نسبتاً آسان ہوسکے گا۔
محکمہ اقتصادی ترقی کے مطابق مختلف انتظامی مراحل کو ایک دوسرے سے مربوط کرنے اور غیر ضروری تاخیر ختم کرنے کیلئے کام جاری ہے۔
منصوبے کے تحت بعض اصلاحات مکمل ہوچکی ہیں جبکہ دیگر پر عمل درآمد جاری ہے، مقررہ اہداف کی کامیابی کا جائزہ کاروباری اداروں کے حقیقی تجربات اور انہیں پیش آنے والی مشکلات کی بنیاد پر لیا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments