بلاک چین لائف 2026ء کانفرنس، پاکستانی ٹیکنالوجی ماہرین کیلئے اہم مواقع

دبئی: (سید مدثر خوشنود) متحدہ عرب امارات کے تجارتی و کاروباری مرکز دبئی میں بلاک چین، ڈیجیٹل اثاثوں، مصنوعی ذہانت اور ویب تھری ٹیکنالوجی سے متعلق عالمی کانفرنس ’’بلاک چین لائف 2026ء‘‘ یکم اور دو دسمبر کو دبئی فیسٹیول سٹی کے فیسٹیول ایرینا میں منعقد ہوگی۔

منتظمین کے مطابق عالمی فورم میں 130 ممالک سے 15 ہزار سے زائد شرکا کی آمد متوقع ہے، جبکہ 200 سے زائد نمائشی اسٹالز بھی قائم کیے جائیں گے۔

عالمی کانفرنس میں ٹیکنالوجی کمپنیوں کے سربراہان، بین الاقوامی سرمایہ کار، مالیاتی ماہرین، ڈیجیٹل ادائیگیوں سے وابستہ ادارے اور جدید ٹیکنالوجی پر کام کرنے والے کاروباری افراد شرکت کریں گے، کانفرنس کے دوران بلاک چین ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل معیشت، سرمایہ کاری اور جدید مالیاتی نظام سے متعلق مختلف موضوعات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

المدثر نیوز ایجنسی کے مطابق بلاک چین لائف اینڈ اے آئی فیوچر ویک کے تحت 6 دسمبر تک 300 سے زائد ضمنی تقریبات کا پروگرام بھی ترتیب دیا گیا ہے، جن میں مجموعی طور پر 30 ہزار سے زائد شرکا کی شرکت متوقع ہے۔

یہ عالمی سرگرمیاں پاکستانی ٹیکنالوجی ماہرین، سافٹ ویئر ڈویلپرز، اسٹارٹ اپس اور کاروباری افراد کیلئے بین الاقوامی روابط قائم کرنے اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنے کا ذریعہ بن سکتی ہیں۔

دبئی میں اس نوعیت کی عالمی کانفرنسوں کا انعقاد متحدہ عرب امارات کی ڈیجیٹل معیشت کو فروغ دینے اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں بین الاقوامی اداروں کو راغب کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔

مرکزی کانفرنس سے قبل دبئی کے مختلف مقامات پر کاروباری ملاقاتوں، تکنیکی ورکشاپس اور سرمایہ کاروں کے رابطوں پر مبنی ضمنی سرگرمیوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...