العین عالمی شکار و گھڑ سواری نمائش، دنیا بھر سے سیکڑوں نمائش کنندگان اور برانڈز کی شرکت
العین: (سید مدثر خوشنود) متحدہ عرب امارات کے شہر العین میں منعقدہ دوسری العین انٹرنیشنل ہنٹنگ اینڈ ایکوسٹرین ایگزیبیشن 2026ء میں دنیا کے 50 ممالک سے تعلق رکھنے والے 1 ہزار 20 نمائش کنندگان اور برانڈز نے شرکت کی۔
عالمی نمائش کا انعقاد العین کے ایڈنیک سینٹر میں کیا گیا، جہاں مقامی اور بین الاقوامی اداروں نے اپنی مصنوعات، خدمات اور ثقافتی سرگرمیاں پیش کیں۔
شیخ ہزاع بن حمدان بن زاید النہیان اور شیخ راشد بن حمدان بن زاید النہیان نے بھی نمائش کا دورہ کیا اور مختلف مقامی و بین الاقوامی پویلینز کا معائنہ کیا، نمائش میں گھڑ سواری، بازداری، کیمپنگ اور دیگر متعلقہ سرگرمیوں سمیت 14 خصوصی شعبوں کی نمائندگی کی گئی۔
المدثر نیوز ایجنسی کے مطابق عالمی نمائش کا انعقاد قابل فخر ثقافتی ورثے کے عنوان کے تحت کیا گیا، جس میں اماراتی ثقافت، روایتی مہارتوں اور تاریخی ورثے کے تحفظ کو خصوصی اہمیت دی گئی، مختلف مظاہروں، مقابلوں اور خاندانی سرگرمیوں کے ذریعے نئی نسل کو اماراتی ثقافتی روایات سے روشناس کرانے کا اہتمام بھی کیا گیا۔
العین میں منعقدہ اس عالمی نمائش کا اختتام 29 نومبر کو ہوا، اس نوعیت کی بین الاقوامی نمائشیں مقامی اور عالمی اداروں کو اپنی مصنوعات اور خدمات متعارف کروانے کے مواقع فراہم کرنے کے ساتھ متحدہ عرب امارات کے ثقافتی ورثے کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments