دبئی میں ملازمت ختم ہونے پر بھی رہائشی ویزا ممکن، قانونی ماہرین نے طریقہ کار بتا دیا
دبئی: (سید مدثر خوشنود) متحدہ عرب امارات میں ملازمت سے محروم ہونے والے غیر ملکی باشندوں کے لیے فری زون میں کاروباری ادارہ قائم کرکے سرمایہ کار یا شراکت دار کی حیثیت سے رہائشی ویزا حاصل کرنے کی قانونی گنجائش موجود ہے۔
خلیج ٹائمز میں شائع ہونے والی قانونی ماہر کی رپورٹ کے مطابق اس سہولت کے لیے کسی دوسرے ادارے میں ملازمت حاصل کرنا لازمی نہیں ہے۔
درخواست گزار کو متعلقہ فری زون کا انتخاب کرنے، کاروباری سرگرمی کی منظوری حاصل کرنے، تجارتی لائسنس بنوانے اور امیگریشن سے متعلق ضروری دستاویزات مکمل کرنے کے بعد سرمایہ کار ویزے کے لیے درخواست دینا ہوگی، طبی معائنہ، اماراتی شناختی کارڈ اور دیگر متعلقہ قانونی شرائط پوری کرنا بھی ضروری ہوگا۔
المدثر نیوز ایجنسی کے مطابق یہ قانونی سہولت متحدہ عرب امارات میں مقیم ایسے پاکستانی باشندوں کے لیے بھی اہم ہے جو ملازمت ختم ہونے کے بعد اپنا کاروبار شروع کرنا چاہتے ہیں یا قانونی طور پر اپنی رہائش برقرار رکھنے کے متبادل راستے تلاش کررہے ہیں۔
قانونی ماہرین کے مطابق تمام فری زونز میں سرمایہ کاری کی کم از کم رقم اور ویزے کی فیس یکساں نہیں ہوتی، اخراجات کا تعین متعلقہ تجارتی سرگرمی، لائسنس اور ویزا پیکیج کے مطابق کیا جاتا ہے، جبکہ رہائشی ویزے کا اجرا متعلقہ امیگریشن حکام کی منظوری سے مشروط ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments