پاکستان بنگلا دیش کے ساتھ دوستانہ تعلقات اور تعاون کو فروغ دینے کا خواہاں ہے، عطا تارڑ
لاہور: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان بنگلا دیش کے ساتھ دوستانہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے، دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ روابط کے فروغ میں میڈیا کا کردار انتہائی اہم ہے۔
لاہور میں کونسل آف پاکستان نیوز پیپرز ایڈیٹرز (سی پی این ای) کے زیر اہتمام بنگلا دیش سے آئے صحافیوں کے وفد کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا، جس میں وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
اس موقع پر انہوں نے بنگلا دیشی صحافیوں کے وفد سے غیر رسمی گفتگو بھی کی، اور کہا کہ پاکستان اور بنگلا دیش کے صحافیوں کے درمیان روابط کا فروغ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان باہمی افہام و تفہیم میں اضافے کا باعث بنے گا۔
انہوں نے بنگلا دیشی صحافیوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ہم کئی سال سے آپ کے منتظر تھے، آپ اپنے گھر آئے ہیں، لاہور شہر کھلے دل سے آپ کو خوش آمدید کہتا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments