تجاوزات و ناجائز منافع خوری کیخلاف کارروائیاں تیز کرنے کا فیصلہ
آٹے کی سپلائی، معیار اور مقررہ نرخوں پر فروخت کی مسلسل نگرانی کی بھی ہدایت روٹی کی مقررہ قیمت پر فروخت یقینی بنانے کیلئے کریک ڈاؤن کیاجائے :ڈی سی
فیصل آباد (سٹی رپورٹر) ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق کی زیر صدارت انسداد تجاوزات اور پرائس مجسٹریٹس کی کارروائیوں کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس منعقد ہوا، جس میں تجاوزات کے خاتمے ، پرائس کنٹرول، جرمانوں کی وصولی اور شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر نے عائد کردہ جرمانوں کی بروقت اور مکمل وصولی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
انہوں نے شہر میں تجاوزات کے خلاف کارروائیوں کا دائرہ وسیع کرنے اور اہم بازاروں، مرکزی شاہراہوں اور ریڑھی بازاروں کو روزانہ کی بنیاد پر تجاوزات سے پاک رکھنے کا حکم دیا تاکہ ٹریفک کی روانی برقرار رہے ۔ انہوں نے سکولوں کے اوقات، سبزی منڈیوں، شاپنگ مالز، ریسٹورنٹس اور شادی ہالز کے اطراف رش کے اوقات میں خصوصی ٹیمیں تعینات کرنے کی بھی ہدایت کی۔
سڑکوں اور بازاروں میں تعمیراتی سامان رکھنے والوں کو پہلی خلاف ورزی پر وارننگ دینے اور باز نہ آنے کی صورت میں متعلقہ مقام سیل کرنے کا حکم دیا۔ڈپٹی کمشنر نے آٹے کی سپلائی، معیار اور مقررہ نرخوں پر فروخت کی مسلسل نگرانی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ آٹے کی مشروط فروخت یا شہریوں کی شکایات کی صورت میں متعلقہ دکانداروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے ۔ انہوں نے روٹی کی مقررہ قیمت پر فروخت یقینی بنانے اور یوریا و کھاد کی ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف بھی کریک ڈاؤن کا حکم دیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments