20 کلو آٹے کا تھیلا مختلف قیمتوں پر فروخت

20 کلو آٹے کا تھیلا مختلف قیمتوں پر فروخت

گلی محلوں میں تھیلا 1300 سے لیکر 1400روپے میں بکنے لگا،پرائس کنٹرول مجسٹریٹس سرکاری نرخ 1100روپے میں فروخت یقینی بنانے میں ناکام ،عام آدمی پس گیا

گوجرانوالہ(نیوز رپورٹر)گوجرانوالہ میں 20کلو گرام آٹے کاتھیلامختلف قیمتوں پر فروخت ہونے لگا،گلی محلوں میں 20کلو کا تھیلا 1300 سے لیکر 1400روپے میں فروخت ہو رہاہے اورپرائس کنٹرول مجسٹریٹس سرکاری نرخ 1100روپے پر 20کلو آٹے کے تھیلے کی فروخت کو یقینی بنانے میں ناکام نظر آ رہے ہیں،جس کے باعث عام آدمی پس کر رہ گیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت کی جانب سے 20کلو گرام آٹے کے تھیلے کا ریٹ 1100روپے مقرر کیا گیا ہے لیکن گوجرانوالہ میں کسی بھی جگہ اس ریٹ پر آٹا فروخت نہیں ہورہا،فلور ملوں کی جانب سے بیس کلو آٹے کا تھیلا ہول سیل ڈیلرز کو 1075روپے میں دیا جا رہا ہے جبکہ ہول سیل ڈیلرز بیس کلو کا تھیلا 1100روپے میں فروخت کر رہے ہیں جبکہ گلی، محلوں اور بازاروں میں بیس کلو آٹے کا تھیلا 1300 سے 1400روپے میں فروخت ہو رہا ہے اور فائن آٹا مارکیٹ میں دستیاب ہی نہیں ہے اور اگر کسی کے پاس ہے تو وہ پندرہ کلوگرام کا تھیلا 1550روپے میں فروخت کر رہے ہیں جبکہ بیس کلو گرام آٹے کاتھیلا 1100روپے میں سوائے ہول سیل ڈیلرز کے کسی بھی جگہ سے نہیں مل رہا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ صرف ریٹ لسٹ جاری کر کے خاموش ہو گئی ہے اس پر عملدر آمد کیلئے بھی انہیں بہتر حکمت عملی اپنانا ہو گی،دوسری طرف فلور ملز مالکان کا کہنا ہے کہ حکومت کی طرف سے جو گندم کا سرکاری کوٹہ جاری کیا گیا ہے اس حساب سے وہ بیس کلو گرام آٹے کا تھیلا 1075روپے میں دے رہے ہیں، فائن آٹے کیلئے گندم اوپن مارکیٹ سے خریدنا پڑتی ہے اس لیے اس کی قیمت زیادہ ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں