درخت قدرتی ایئر کنڈیشنر ،فضا صاف کرتے ہیں :طاہر فاروق

درخت قدرتی ایئر کنڈیشنر ،فضا صاف کرتے ہیں :طاہر فاروق

زیادہ درخت لگانے سے درجہ حرارت 2سینٹی گریڈ تک کم ہو سکتا ہے :ڈی سی سیالکوٹ

سیالکوٹ(ڈسٹرکٹ رپورٹر ، نمائندہ دنیا )ڈپٹی کمشنر طاہر فاروق نے کہا ہے کہ شہر کی تمام گرین بیلٹس کو خوبصورت پود وں اور درختوں سے آراستہ کرنے کے منصوبے پر کام جاری ہے ، گرین بیلٹس کیلئے ایسے پودوں کا انتخاب کیا گیاہے جو دیدہ زیب ہونے کے ساتھ ساتھ سخت جان ہوں اور ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ کا سبب نہ بنیں ،وزیر آباد کشمیر روڈ کی گرین بیلٹس کی از سر نو تز ئین و آرائش کی جارہی ہے اور اب تک کرین اور ایکسیویٹرز کی مددسے 106پام کے ایک جیسے بڑے درخت مساوی فاصلوں پر لگائے جاچکے ہیں ۔ یہ بات انہوں نے وزیر آباد روڈ پر پی ایچ اے سیالکوٹ کی زیر نگرانی درخت لگانے کے عمل کا جائزہ لینے کے دوران کیا، سپرنٹنڈنٹ پی ایچ اے شوکت ملک ، انسپکٹرپی ایچ اے محمد نوید بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ ڈپٹی کمشنر نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے گھروں، دکانوں، کارخانوں سمیت جہاں مناسب جگہ ملے درخت لگائیں تاکہ موسمی تغیرات جیسے چیلنج سے نمٹا جاسکے ۔ انہوں نے کہاکہ زیادہ سے زیادہ درخت لگانے سے درجہ حرارت میں 2سینٹی گریڈ تک کمی کی جاسکتی ہے لیکن اتنے لگانا کسی ایک ادارے یا حکومت کی بس کی بات نہیں ، اس کیلئے کمیونٹی کو اپنا عملی کردار ادا کرنا ہوگا،درخت قدرت کا بہترین ائیر کنڈیشنر ہیں جو گرمی کو نیچے لاتے ہیں اور درجہ حرارت کو منظم کرتے ہیں اور ہوا کو سانس لینے کے قابل بناتے ہیں اورفضا میں سے کاربن کو محفوظ کرتے ہیں،قومی و بین الاقوامی مشن کی تکمیل کیلئے ہر سال لاکھوں درخت لگانے اور ان کی حفاظت کو یقینی بنانا ہوگا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں