مرغی کا گوشت 810 روپے کلو تک فروخت

مرغی کا گوشت 810 روپے کلو تک فروخت

گوجرانوالہ(نیوز رپورٹر)عید کی چھٹیوں میں منافع خور بے لگام،پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی عدم دستیابی کے باعث فارمی مرغی کے گوشت کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ کر دیا گیا،فارمی مرغی کا گوشت 800 روپے فی کلو گرام کے حساب سے فروخت ہوتا رہا۔

گوجرانوالہ میں برائلر گوشت کی قیمتوں کو پر لگ گئے ،عید سے دو روز قبل ضلعی انتظامیہ کی جانب سے برائلر مرغی کا کاروبار کرنے والوں کے ساتھ میٹنگ کر کے قیمت 634روپے فی کلو گرام مقرر کی گئی لیکن عید کی چھٹیوں میں مرغی کا گوشت فروخت کرنے والوں نے اپنے ریٹ مقرر کر لئے ۔فارمی مرغی کا گوشت 810روپے فی کلو گرام کے حساب سے فروخت ہو تا رہا جس کے باعث غریب آدمی کیلئے مرغی کا گوشت کھانا مشکل ہو گیا ۔مرغی کا گوشت فروخت کرنے والوں نے خود ساختہ طور پر قیمتوں میں اضافہ کیا ہے جس پر پرائس کنٹرول کمیٹیاں خاموش تماشائی بنی ہوئی ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ چار روز قبل مرغی کا گوشت 640روپے فی کلو کے حساب سے فروخت ہو رہا تھا لیکن اب ایک دم سے قیمت میں 150روپے فی کلو تک اضافہ کر دیا گیا ہے جس کی وجہ سے غریب آدمی کیلئے مرغی کا گوشت خریدنا مشکل ہو گیا،ہر دکاندار نے اپنے ریٹ مقرر کئے ہوئے ہیں کوئی740اور کوئی 810 روپے فی کلو کے حساب سے فروخت کر رہا ہے ۔پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو چاہیے کہ وہ مرغی کا گوشت مہنگے داموں فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کریں۔دوسری طرف مرغی کا گوشت فروخت کرنے والوں کا کہنا ہے کہ انہیں مرغی مہنگی مل رہی جبکہ پولٹری فارمز سے مر غیاں مل ہی نہیں رہیں جس کیو جہ سے ریٹ بڑھے ہیں۔مرغی کے گوشت کی قیمتوں میں اضافہ سے وہ بھی پریشان ہیں کیونکہ ان کی سیل بہت کم ہو گئی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں