سیالکوٹ:ناقص صفائی پر11فوڈ پوائنٹس کو 1لاکھ جرمانہ

سیالکوٹ:ناقص صفائی پر11فوڈ پوائنٹس کو 1لاکھ جرمانہ

سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیموں کی مختلف علاقوں میں چیکنگ، حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق صفائی کا خیال نہ رکھنے پر 11 فوڈ پوائنٹس کو 1لاکھ27ہزار کے جرمانے عائد، ایک یونٹ کی پروڈکشن بند،55 لٹر ایکسپائر، مضر صحت کولڈ ڈرنکس سمیت بھاری مقدار میں زائد المیعاد اشیاء تلف کر دی گئیں۔

ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید نے بتایا کہ سیالکوٹ میں شہریوں کو محفوظ خوراک کی فراہمی کے لئے ڈپٹی ڈائریکٹر سیالکوٹ رضوان احمد کی قیادت میں فوڈ سیفٹی ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں جنہوں نے مجموعی طور پر 53فوڈ پوائنٹس کو چیک کیا اس دوران متعدد ریسٹورنٹس میں صفائی کے ناقص انتظامات، کیڑے مکوڑوں کی بھرمار پائی گئی جبکہ کچن ایریا میں بدبودار فریزرز، گندی دیواریں،ملازمین کے میڈیکل سرٹیفکیٹس اور لازم ریکارڈ عدم موجود پایا گیاجس پر انکے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی جبکہ 32 پوائنٹس کو مزید بہتری کے لیے اصلاحی نوٹس جاری کئے گئے ۔ ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید نے بتایا کہ صوبائی وزیرخوراک بلال یاسین کی ہدایت پر جعلساز مافیا کے خلاف مربوط کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے ،شہری خوراک میں ملاوٹ اور جعلسازی کے خاتمے کے لیے فوڈ اتھارٹی کا ساتھ دیں، کسی بھی شکایت کی صورت میں 1223پر اطلاع دیں۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں