علی پور چٹھہ:پولیس وردی میں ڈاکوؤں کی لوٹ مار

علی پور چٹھہ:پولیس وردی میں ڈاکوؤں کی لوٹ مار

علی پور چٹھہ،جامکے چٹھہ(تحصیل رپورٹر،نامہ نگار )ڈاکو پولیس وردی میں ناکہ لگا کر لوٹنے لگے ، بیوپاریوں سے 26لاکھ روپے چھین لئے ، مزاحمت پر 3 افراد کو گولیاں مارکر زخمی کردیا۔

سڑک پر ٹینٹ لگاکر متاثرین سراپا احتجاج بن گئے ۔ جامکے چٹھہ کے رانا نثار،رانا ساجد، رانا نادر، ندیم اقبال گجر، کاشف ،صاحب مسیح، نبیل مسیح، ذیشان عرف شانی، شہباز اشرف، افضال اشرف ٹرک پر سوار حافظ آباد جانور خریدنے کیلئے جا رہے تھے کہ معراجکے چٹھہ کے قریب 6 ڈاکوؤں نے ناکہ لگا رکھا تھا جن میں سے دو افراد نے پنجاب پولیس کی وردی پہن رکھی تھی۔اشارہ کر کے گاڑی کو سا ئیڈ پر لگوا کر تمام افراد کو نیچے اتار کر تلاشی لینے کے بہانے پیسے نکالنے لگے ،اسلحہ کے زور پر قریباً 26 لاکھ روپے بیوپاریوں سے چھین لئے ۔ بیوپاریوں نے مزاحمت کی جس پر ڈاکوؤں نے گولی چلا دی ،30سالہ ذیشان اور 45سالہ افضال زخمی ہو گئے ۔متاثرین نے جان لیوا گرمی میں سڑک پر ٹینٹ لگا کر روڈ کو بلاک کرکے دھرنا دیا،وارداتوں کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے پولیس کی ناقص کارکردگی کو کوستے رہے ۔مظاہرین کا کہنا ہے کہ چند روز میں اسی روڈ پر بیوپاریوں کے ساتھ تیسری واردات ہے ،ڈی ایس پی وزیرآباد ہاشم محمود گجر کی یقین دہانی پر سڑک کو کھول دیا گیا ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں