گلشن اقبال میں خلفائے راشدین پارک کا افتتاح

گلشن اقبال میں خلفائے راشدین پارک کا افتتاح

کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے چیئرمین گلشن اقبال ٹاؤن و سکریٹری ضلع شرقی ڈاکٹر فواد احمد کے ہمراہ ٹاؤن میونسپل کارپوریشن گلشن اقبال کی جانب سے بلاک 13/D-1 میں خلفائے راشدین پارک کا افتتاح و دورہ کیا۔

اس موقع پر نائب امیرجماعت اسلامی کراچی سلیم اظہر،وائس ٹاؤن چیئرمین ابراہیم صدیقی،سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری،یوسی چیئر مین ساجد خان و دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے ۔منعم ظفر خان نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ گلشن کو گلشن بنانے کے عزم اور جذبے کے ساتھ جماعت اسلامی کے ٹاؤن ویوسی چیئرمینز کام کررہے ہیں، گلشن اقبال میں ایک سال کے دوران 18پارکوں کا افتتاح کیا اور گلیوں کو روشن کرنے لیے اسٹریٹ لائٹس بھی لگائیں، 6سرکاری اسکولوں کو ازسر نوآباد کیا جس میں بچے باقاعدہ تعلیم حاصل کررہے ہیں اور داخلوں میں بھی اضافہ ہو اہے ،عوام کی خدمت جاری رکھیں گے ،ہمارے ٹاؤن و یوسی چیئرمین محدود وسائل اور اختیارات کی کمی کے باوجود اختیارات سے بڑھ کر اہلیان گلشن اقبال کے لیے ریلیف کا کام کررہے ہیں، ہم نے وعدہ کیا تھا کہ ہم اختیارات کا رونا نہیں روئیں گے بلکہ اختیارات سے بڑھ کر کام کریں گے اور آج جماعت اسلامی کے منتخب نمائندے کام کررہے ہیں۔ڈاکٹر فواد نے کہاکہ ہم نے محدود وسائل اور اختیارات میں 11ماہ میں 18پارکوں کو عوام کے لیے کھول دیا ہے اور اسی جذبے کے ساتھ اپنے ویژن کو آگے بڑھارہے ہیں،کراچی کے عوام جماعت اسلامی سے توقعات رکھتے ہیں، ہم عوام کی توقعات پر پورا اُتریں گے ۔ہم نے اختیارات کو نچلی سطح پر منتقل کرنے کے لیے بھی کوشش کی ہے جس کے نتیجے میں بہت جلد گلشن اقبال ٹاؤن کے سڑکوں کی تعمیر بھی اگلے مرحلے میں شروع ہونے والی ہے ، ہم عوام کے ساتھ مل کر گلشن اقبال ٹاؤن کو گلشن بنائیں گے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں