عید پر آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کا خصوصی پلان جاری

 عید پر آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کا خصوصی پلان جاری

گوجرانوالہ(سٹاف رپورٹر)گوجرانوالہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے عید الاضحی کے موقع پر صفائی ستھرائی، آلائشوں کو بروقت ٹھکانے لگانے کا خصوصی پلان جاری کردیا۔

، تمام آپریشنل سٹاف، افسروں کی عید کی چھٹیاں منسوخ کردی گئیں، عید کے 3 دنوں میں 2482 سے زائد سٹاف 3 شفٹوں میں کام کرے گا، کمپنی کی 260 گاڑیوں اور مشینری کے علاوہ 232رینٹل گاڑیاں حاصل کرلی گئیں ،عملہ کو خصوصی ذمہ داریاں بھی سونپ دی گئی ہیں، عید کے پہلے اور دوسرے روز گھروں، گلی محلوں، بازاروں اور سڑکوں سے قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کے لیے ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی تمام مشینری، سینٹری ورکرز، سینٹری سپروائزرز، سینٹری انسپکٹرز اور اسسٹنٹ منیجرز آپریشنز، ورکشاپ اور لینڈ فل سائٹ عملہ و افسر معمول کے مطابق اپنی ڈیوٹی پر موجود رہیں گے ۔گلی محلوں سے آلائشوں کو اٹھا کر شہر میں قائم 6 عارضی ٹرانسفر سٹیشن پر منتقل کرنے کے لیے منی ٹیپرز چاند گاڑیاں (چنگ چی رکشے )، پک اپ گاڑیاں کو بروئے کار لایا جائے گا، عارضی ٹرانسفر سٹیشنز سے آلائشوں اور گندگی کو ڈمپنگ سائٹ پر منتقل کرنے کے لیے بکھرے والی کو مکمل طور پر فنکشنل کردیا گیا،چیئرمین کاشف اسماعیل گجر اور سی ای او جی ڈبلیو ایم سی شاہد عباس جوتہ نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ عید قربان پر گوجرانوالہ کو صاف ستھرا بنانے میں عملہ صفائی سے تعاون کریں، آلائشوں کو کوڑا دان، قریبی عارضی ٹرانسفر سٹیشنز تک پہنچائیں یا جی ڈبلیو ایم سی کی طرف سے دیے گئے ماحول دوست بیگ میں ڈال کر عملہ صفائی کے حوالے کریں۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں