لدھیوالہ سٹیڈیم کی دیواریں ٹوٹ گئیں، سیوریج کا پانی جمع

لدھیوالہ سٹیڈیم کی دیواریں ٹوٹ گئیں، سیوریج کا پانی جمع

لدھیوالہ وڑائچ(نامہ نگار )لدھیوالہ کے سٹیڈیم کی دیواریں جگہ جگہ سے ٹوٹ گئیں، لوگ اینٹیں اٹھاکر لے گئے بارش اور سیوریج کا پانی بھی جمع ہو گیا، جگہ جگہ کوڑے کے ڈھیر، منشیات فروشوں اور نشیؤں نے بھی ڈیرے جما لئے ، کبڈی ٹیم پریکٹس کرنے سے محروم ہو گئی ۔

لدھیوالہ کے محلہ نئی آبادی میں15سال قبل پیپلز پارٹی کی حکومت نے کھیلوں کی سرگرمیوں کے لئے ایک کروڑ روپے کی لاگت سے سٹیڈیم کی تعمیر کی جو مناسب دیکھ بھال نہ ہو نے مسائل کا شکار رہا ،سٹیڈیم کی دیواریں جگہ جگہ سے ٹوٹ چکی ہیں اور لوگ لاکھوں روپے مالیت کی اینٹیں اٹھا کر لے گئے ہیں اس کے علاوہ کوڑے کے ڈھیروں سے تعفن اور بدبو پھیل رہی ہے ، رہی سہی کسر بارش کے کھڑے پانی نے پوری کر دی ہے ،سٹیڈیم میں منشیات فروشوں اور نشئیوں نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں جس کی وجہ سے پنجاب بھر میں کبڈی کے بڑے بڑے ٹائٹل جیتنے والی لدھیوالہ کی کبڈی ٹیم پریکٹس کرنے سے محروم ہو چکی ہے اس حوالے کے پاکستان کبڈی ایسوسی ایشن پنجاب کے نائب صدر عطا الرحمن وڑائچ نے صوبائی وزیر کھیل سے اپیل کی ہے کے لدھیوالہ کے سٹیڈیم کو اپ گریڈ کر کے کھیلوں کی سرگرمیوں کے لئے بحال کیا جائے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں