محرم کیلئے بہترین انتظامات یقینی بنائے جارہے ہیں:بلال اکبر

سیالکوٹ (نمائندہ دنیا ، ڈسٹرکٹ رپورٹر)صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خاں نے کہا ہے کہ سیالکوٹ میں عاشورہ کے دوران مجالس و جلوسوں کی سکیورٹی کے لئے تمام تر انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔۔۔
ضلع میں امن و امان اور اتحاد بین المسلمین برقرار رکھنے کیلئے حکومت اور انتظامیہ کو عوامی نمائندوں، علماء کرام، شہریوں کا بھرپور تعاون حاصل ہے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کمشنر گوجرانوالہ ڈویڑن سید نوید حیدر شیرازی کے ہمراہ سیالکوٹ کے دورہ کے موقع پر کیا، ارکان پنجاب اسمبلی محمد منشا اﷲ بٹ، فیصل اکرام، رانا محمد عارف ہرناہ، طارق سبحانی بھی اس موقع پر موجود تھے ۔صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خاں، کمشنر نوید حیدر شیرازی نے ڈپٹی کمشنر آفس میں قائم مرکزی کنٹرول روم کا بھی معائنہ کیا اور مرکزی امام بارگاہ در بتول اڈا پسروریاں، مرکزی امام بارگاہ مستری محمد عبداﷲ کا دورہ کرکے مجالس و جلوس کے روٹس کا بھی معائنہ کیا اور منتظمین سے بھی ملاقات کی۔ صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خاں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران عزاداروں کو سکیورٹی فراہم کرنے ، روٹس کی صفائی کے بہترین انتظامات یقینی بنائے جارہے ہیں، حکومت پنجاب جلوسوں کے راستوں پر سبیلیں بھی لگائے گی،سیالکوٹ میں مجالس و جلوسوں کے روٹس پر 109سی سی ٹی وی کیمرے لگائے گئے ہیں، سیف سٹی کے کیمرے ، تاجر برادری کی طرف سے لگائے گئے کیمرے بھی نگرانی کیلئے استعمال ہونگے ، مجالس و جلوسوں کے دوران 3ہزار سے زائد پولیس افسران و جوان ڈیوٹی پر مامور ہونگے جبکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں معاونت کیلئے رینجرز بھی الرٹ ہے ۔ صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ نے ہدایت کی کہ مجالس و جلوسوں کے روٹس پر بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے ۔