سنگین جرائم میں مطلوب 9اشتہاری یو اے ای سے گرفتار

سنگین جرائم میں مطلوب 9اشتہاری یو اے ای سے گرفتار

گوجرانوالہ (کرائم رپورٹر)سپیشل آپریشنز سیل گوجرانوالہ ریجن اورنیشنل سنٹر بیورو اسلام آباد کی مشترکہ کارروائی ،قتل سمیت دیگر سنگین جرائم میں مطلوب 9 خطرناک اشتہاری ملزمان متحدہ عرب امارات سے گرفتار کر لیے گئے ۔

 انسپکٹر جنرل آف پولیس ڈاکٹرعثمان انور کے احکامات کے پیش نظر صوبہ بھر میں مجرمان اشتہاریوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے ۔ اسی سلسلہ میں ریجنل پولیس آفیسر طیب حفیظ چیمہ کی ہدایات پر سپیشل آپریشنز سیل گوجرانوالہ ریجن اورنیشنل سنٹر بیورو اسلام آبانے بیرون ملک مجرمان اشتہاریوں کے خلاف مشترکہ کاروائی عمل میں لاتے ہوئے قتل سمیت دیگر سنگین جرائم میں مطلوب 9 خطرناک مجرمان اشتہاریوں کو متحدہ عرب امارات سے گرفتار کرلیا۔ انسپکٹر خالد وریاہ کی قیادت میں سپیشل آپریشنز سیل گوجرانوالہ ریجن کی ٹیم 9مجرمان اشتہاریوں کوگرفتار کر متحدہ عرب امارات سے پاکستان لائی اور مجرمان اشتہاریوں کو متعلقہ پولیس کے حوالے کیا۔ گرفتار اشتہاریوں میں عرفان اصغر، فرحان نزاکت، ثمر عباس، نجیب اللہ، صدام حسین، محمد رفیق، محمد ثاقب، محمد عثمان اور طارق محمود شامل ہیں۔ اشتہاری محمد رفیق شہریوں کے قتل، دہشت گردی کے مقدمات میں 2011ء سے ڈیرہ غازی خان پولیس کو مطلوب تھا، اشتہاری طارق محمود شہری کے قتل کے مقدمہ میں 14 برس سے فیصل آباد پولیس کو مطلوب تھا، اشتہاری عرفان اصغر بیوی کو قتل کرکے لاش غائب کرنے کے جرم میں تھانہ بڈیانہ سیالکوٹ پولیس کو مطلوب تھا۔اسی طرح اشتہاری فرحان نزاکت 2 سال سے قلعہ دیدار سنگھ گوجرانوالہ پولیس کو 16 سالہ لڑکے کے قتل میں مطلوب تھا، اشتہاری ثمر عباس عارفوالہ میں شہری کے قتل میں پاکپتن پولیس کو 3 برس سے مطلوب تھا، اشتہاری نجیب اللہ شہری کے قتل میں ڈیرہ غازی خان پولیس کو 10 برس سے مطلوب تھا، اشتہاری صدام حسین بھکر پولیس کو 2018ء سے ڈکیتی کے مقدمہ میں مطلوب تھا، اشتہاری محمد ثاقب اقدام قتل کے مقدمہ میں 1 سال سے پسرور سیالکوٹ پولیس کو مطلوب تھا، اشتہاری محمد عثمان شہری کے قتل کے مقدمہ میں 4 سال سے سیالکوٹ پولیس کو مطلوب تھا۔ رواں برس گرفتاراشتہاریوں کی مجموعی تعداد 46 ہو گئی۔ سپیشل آپریشن سیل نے انٹرپول سے ملزمان کے ریڈ نوٹسز جاری کروائے ، گرفتاری کیلئے مسلسل فالو اپ جاری رکھا۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں