سبزیوں کی قیمتوں کی ڈبل سنچری،شہری چکرا گئے

سبزیوں  کی  قیمتوں  کی  ڈبل  سنچری،شہری چکرا گئے

گوجرانوالہ(نیوز رپورٹر)مہنگائی کی چکی میں پسے عوام کے لیے تمام سبزیوں کی قیمتوں کی ڈبل سنچری مکمل ،سبزی کی اڑان بھرتی قیمتوں نے شہریوں کو پریشان کر دیا۔

 تفصیلات کے مطابق سبزی فروشوں نے خود ساختہ طور پر سبزی کی قیمتوں میں چھ گنا اضافہ کر دیا ہے ۔کوئی بھی سبزی ایسی نہیں ہے جودو سو روپے فی کلو گرام سے کم ہو۔120روپے میں ملنے والے کدواب 400روپے میں فروخت ہو رہے ہیں۔اسی طرح ٹینڈے 300روپے ،ٹماٹر 200روپے ،کریلے 250روپے ،بھنڈی 250روپے ،بینگن 220روپے ،گوبھی 250روپے ،شملہ مرچ 250روپے ،مٹر 300روپے ،ادرک آٹھ سو روپے ، لہسن 600روپے اور لیموں آٹھ سو روپے فی کلو گرام کے حساب سے فروخت ہو رہے ہیں۔سبزی کی قیمتوں میں اضافہ نے شہریوں کو چکرا کر رکھ دیا ہے ۔سبزی کی قیمتوں میں اضافہ سے شہریوں اور دکانداروں میں بحث و مباحثہ دیکھنے کوآ رہا ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ ایک ہفتہ قبل جن سبزیوں کی قیمت 120سے 150 روپے فی کلو تھیں ان کی قیمتوں میں چھ گناہ اچانک اضافہ ہو گیا ہے جو قیمت ریٹ لسٹ پر لکھی ہوئی ہے اس حساب سے کوئی بھی سبزی نہیں مل رہی۔ دوسری طرف دکانداروں کا کہنا ہے کہ بارشوں سے مقامی فصل خراب ہوگئی ہے اور سبزی دور دراز کے علاقوں سے آرہی ہے ۔ہمیں سبزی منڈی سے جس حساب سے سبزی ملتی ہے تو اس کے مطابق فروخت کر رہے ہیں ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں