جگا نہ دینے پر وکیل پر فائرنگ ، وکلا سڑکوں پر آ گئے
گوجرانوالہ(کرائم رپورٹر، سٹاف رپورٹر )جگا نہ دینے پر وکیل پر فائرنگ ،ملزمان کی عدم گرفتاری پر وکلا کمیونٹی سڑکوں پر آ گئی،وکلاء کا سی پی او آفس کا گھیراؤ، پولیس سے ہاتھا پائی کے بعد مشتعل وکلاء گیٹ پھلانگ کر سی پی او آفس میں داخل ہو گئے ۔
وکلاء کا سیشن کورٹ کے سامنے دھرنا سیالکوٹ روڈ ٹریفک کے لئے کئی گھنٹے بلاک رہی ۔ تفصیلات کے مطابق جگہ نہ دینے پر ملزمان اعجاز عرف ججی میر اور عادل وغیرہ نے کی جانب سے قاتلانہ حملہ میں شدید زخمی ہونے والے وکیل عادل بٹ ایڈووکیٹ کی ٹانگ ڈاکٹرز نے کاٹ دی جس پر وکلاء نے قصاص لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔ مرکزی ملزمان اعجاز عرف ججی وغیرہ کی عدم گرفتاری پر ڈسٹرکٹ بار نے عدالتوں کا بائیکاٹ کیا ۔ وکلاء نے سیشن کورٹ کے باہر مظاہرہ کیا جس سے سیالکوٹ روڈ پر ٹریفک بلاک ہو گئی ۔ وکلاء احتجاجی ریلی نکال کر سی پی او آفس پہنچے جہاں پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی ۔متعدد وکلاء گیٹ پھلانگ کر سی پی او آفس میں داخل ہوئے تاہم پولیس افسران نے ملزمان کی گرفتاری کے لئے وکلاء سے مہلت دینے کا کہا۔ وکلاء کے مطالبہ پر پولیس افسران نے بار روم میں آ کر یقین دہانی کروائی کہ ملزمان کو چند گھنٹوں میں گرفتار کر لیا جائے گا ۔ وکلاء نے میڈیا کو بتایا کہ خون کا بدلہ خون ہے وہ قصاص لینگے ساتھی وکیل کی ٹانگ کٹنے پر وہ بے حد افسردہ ہیں۔