شناختی کارڈ کی عدم دستیابی:بریت کے باوجود درجنوں مجرم جیل میں بند
گوجرانوالہ (سٹاف رپورٹر )شناختی کارڈ کا نہ ہونا جیل سے رہائی میں رکاوٹ بن گیا ۔ عدالتوں سے بریت کے باوجود 60 سے زائد مجرموں کا سنٹرل جیل میں بند ہونے کا انکشاف ۔
شناختی کارڈ نہ ہونے کی وجہ سے عدالتوں سے مجرموں کے رہائی وارنٹ جار ی نہ ہو سکے ۔ ایڈیشنل سیشن جج سہیل انجم نے گزشتہ روز تھانہ کینٹ کے منشیات فروشی کے مقدمہ میں ملزم اشتیاق ولد صدیق کو بری کرنے کا حکم دیا عدالتی وقت ختم ہونے کے باوجود عملہ نے ملزم کا ریلیز وارنٹ تیار کیا لیکن پولیس اور جوڈیشل فائل میں ملزم کے شناختی کارڈ کی کاپی نہ مل سکی ۔ جیل حکام کے مطابق ملزم کے جیل میں داخلہ کے وقت لازمی ہے کہ پولیس اسکے شناختی کارڈ کی کاپی فراہم کرے لیکن تفتیشی افسر یا تو غلط کوائف فراہم کرتے ہیں یا ملزمان کے شناختی کارڈ پر مشتمل کوائف فراہم ہی نہیں کرتے ۔منشیات کیس کے ملزم اشتیاق ولد صدیق کو بھی گزشتہ روز بری کیا گیا لیکن فائل میں ملزم کے شناختی کارڈ کی کاپی نہ مل سکی،وکلا نے شناختی کارڈ کے نہ ہونے کی وجہ سے جیل میں بند ملزموں کی رہائی کیلئے سیشن جج اور ہائیکورٹ سے نوٹس لینے کی اپیل کی ہے ۔