کسٹم کی کارروائی،لنڈے کے کپڑوں کی آڑ میں الیکٹرونک اشیاء اسمگل کرنے کی کوشش ناکام

کسٹم کی کارروائی،لنڈے کے کپڑوں کی آڑ میں الیکٹرونک اشیاء اسمگل کرنے کی کوشش ناکام

کراچی(اسٹاف رپورٹر)لُنڈے کے کپڑوں کی آڑ میں کروڑوں روپے مالیت کے کمپیوٹر اور دیگر اشیا برآمد کرلی گئیں۔کسٹمز انفورسمنٹ کلکٹریٹ کراچی کی انسداد اسمگلنگ مہم کے تحت ایک کارروائی میں لُنڈے کے کپڑوں کی آڑ میں کمپیوٹرز، ایل سی ڈیز اورسگریٹس اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی گئی۔

کلکٹر کسٹمز انفورسمنٹ کراچی معین الدین وانی کو حساس ادارے کی طرف سے اطلاع موصول ہوئی کہ ممکنہ طور پر انٹرپورٹ شپمنٹ کی آڑ میں غیر ملکی سگریٹس اور ایل سی ڈی اسمگلڈ کرنے کی کوشش کی جائیگی، اس اطلاع پرایڈیشنل کلکٹر کسٹمز انفورسمنٹ باسط حسین اور ڈپٹی کلکٹر کسٹمز انفورسمنٹ اے ایس او رضا نقوی کو خصوصی ہدایات جاری کی گئیں۔ ان ہدایات کی روشنی میں اے ایس اوکی مختلف ٹیموں کو کراچی پورٹ سے نکلنے والے کنٹینرز خصوصی طور پرکراچی انٹرنیشنل کنٹینر ٹرمنل (کے آئی سی ٹی)سے نکلنے والے کنٹینرز کی چیکنگ کے احکامات جاری کئے گئے ۔ گزشتہ روز پٹرولنگ ٹیم نے آر سی ڈی ہائی وے کے قریب کے آئی سی ٹی ٹرمنل سے نکلنے والے ایک ٹرالر کوروک کر اس کے کاغذات کی جانچ پڑتال کی تو کاغذات میں استعمال شدہ امپورٹڈ استعمالی کپڑا (لنڈا) ظاہر کیا گیا ۔ٹیم نے کنٹینر کو کھول کر چیک کیا تو کنٹینر سے استعمال شدہ کپڑوں (لنڈا)کے بجائے 2720کمپیوٹرز، 20200ایل سی ڈیز، غیرملکی 4لاکھ 40ہزار سگریٹس کے ڈنڈے برآمد ہوئے ۔برآمدہونے والے سامان کی مالیت 7کروڑ 88لاکھ روپے ہے ۔کارروائی کے بعد کسٹمز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے اسمگل شدہ اشیا کو ضبط کرلیا گیا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں