کچرا پھیلانے پر جرمانے شروع،نوٹس بھی جاری

کچرا پھیلانے پر جرمانے شروع،نوٹس بھی جاری

کراچی (اسٹاف رپورٹر)مئیر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب کی ہدایت پرکچرا پھیلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کرتے ہوئے دکانداروں، ریسٹورنٹ اور ایک کمرشل بینک کو جرمانے کے نوٹس دیے گئے ۔

منیجنگ ڈائریکٹر سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ سید امتیاز علی شاہ کی سربراہی میں ٹیمیں علاقوں کا اور بالخصوص کمرشل ایریاز، فوڈ اسٹریٹ کا دورہ کررہی ہیں جب کہ کچرا پھیلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کا عمل جاری ہے ۔ ضلع وسطی میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر آکاش کمار نے دورے کے دوران ایک کمرشل بینک کے سامنے سڑک پر کچراپھیلانے پر کارروائی کرتے ہوئے بینک پر جرمانہ عائد کرتے ہوئے چالان جاری کیا۔اس کے علاوہ ضلع جنوبی بورڈبیسن پر ڈپٹی ڈائریکٹر منظور شیخ نے اپنی ٹیم کے ہمراہ دورہ کرکے کارروائی کرتے ہوئے چار دکانداروں کو 25,25 ہزار کے چالان کئے جب کہ 12 دکانداروں کو تنبہ کے نوٹس بھی جاری کئے گئے ۔ہر زون میں کچرامحفوظ طریقے سے ڈسٹ میں ڈالنے جب کہ سڑکوں اور نالوں میں کچرا نہ پھینکنے کے حوالے سے آگاہی فراہم کی جا رہی ہے ، بالخصوص کمرشل ایریا اور فوڈ اسٹریٹ پردکانوں اور ریسٹورنٹس میں جا کر سوشل موبلائزرزاور ایس ایس ڈبلیو ایم بی کے افسران وعملہ شہریوں کو آگاہی فراہم کررہے ہیں۔ ایم ڈی سالڈ ویسٹ کی ہدایت پر آگاہی کی فراہمی اورکچرا پھیلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کا عمل جاری رہے گا۔ شہریوں سے التماس ہے ایسے عناصر جو شہرمیں کچرااور گندگی پھیلا رہے ہیں ان کی نشاندہی 1128 پر کریں تاکہ اں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے ۔واضح رہے کہ ایک روز قبل منیجنگ ڈائریکٹر سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ سید امتیاز علی شاہ کی سربراہی میں ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں