ملزمیں کرشنگ کا آغاز ،ٹریفک کی روانی کاپلان بنانیکی ہدایت
سرگودھا(سٹاف رپورٹر )ضلع بھر کی چاروں شوگر ملوں نے کرشنگ کا آغاز کر دیااس ضمن میں ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم کی زیر صدارت اجلا س میں کریشنگ سیزن کے حوالے سے تمام انتظامات کو حتمی شکل دی گئی ۔
ڈپٹی کمشنر نے ٹریفک اور پٹرولنگ پولیس کو شوگر ملوں سے ملحقہ سڑکوں پر ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کیلئے قابل عمل پلان تشکیل دینے کی ہدایت کی ۔ انہوں نے کہاکہ سیال موڑ پر پل 111 سے آنے ولے پتھر کے بڑے ٹرالر ز او رگنے کی ٹرالیوں سے ٹریفک کے سنگین مسائل جنم لیتے ہیں لہذا پتھر کے ٹرکوں کامتبادل روٹ بنایا جائے ۔ انہوں نے اسسٹنٹ کمشنروں کو چاروں شوگرملوں کے وقتا فوقتا دورے کرنے او رکاشتکاروں کی ادائیگیوں کو ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنانے کی ہدایت ہے ۔ انہوں نے شوگر ملز انتظامیہ پر واضح کیا کہ کاشتکاروں کی ادائیگیوں میں غیر ضروری رکاوٹ وغیرہ کو برداشت نہیں کیاجائیگا ۔ ڈپٹی کمشنر نے غیر قانونی کنڈوں کے مالکان کے خلاف ایف آئی آر درج کروانے کے علاوہ معمولی مرمت کی حامل سڑکوں کی مرمت کروانے کی بھی ہدایت کی ۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنروں ، پولیس ، انڈسٹری ، خوراک ، زراعت ، کاشتکارنمائندوں اور شوگر ملز انتظامی افسران نے شرکت کی۔