یوٹیلیٹی بلوں میں اضافے سے صنعتیں بند ہورہیں،ثروت اعجاز
کراچی (این این آئی)قادری ہاؤس میں آل کراچی تاجر الائنس کے سرپرست اعلی معروف بزنس مین خواجہ جمال سیٹھی کی قیادت میں وفدنے مرکزی صدر پاکستان سنی تحریک انجینئر ثروت اعجاز قادری سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران ملک کی موجودہ صورتحال اورتاجر برادری کو درپیش مسائل پرتبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ حکمرانوں کو ملک بھر کے ساتھ بالخصوص کراچی کے مسائل کو بہتر کرنے کیلئے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے ۔ حالات اور مسائل تاجر برادری کو سہولتیں فراہم کرنے سے ہی بہتر ہوں گے ۔انڈسٹریز کو امپورٹ ایکسپورٹ کے مسائل کا سامنا ہے ،ملک کے اندر کاروبار کرنے والے چھوٹے بڑے تاجروں کو کوئی سہولتیں فراہم نہیں کی جا رہیں،بجلی ،پانی اورگیس ملک میں رہنے والے ہر شخص کا مسئلہ ہے مگر حکومت اس جانب کوئی توجہ نہیں دے رہی ہے ۔ملک کے ریونیو کا سب سے بڑا حصہ کراچی سے جاتا ہے مگر کراچی کو ہمیشہ نظر انداز کیا جاتا ہے ۔دوسرے شہروں اور صوبوں کے مقابلے میں کراچی میں یوٹیلیٹی بلوں میں بہت زیادہ اضافہ کیا گیا ہے جس کی وجہ سے کراچی میں صنعتیں بند ہورہی ہے ۔ثروت اعجازنے مزید کہا کہ حکومت نے غلط پالیسیاں بنا کر تاجروں میں بے چینی پیدا کر دی ہے ۔حکومت کو یہ بھی سوچنا چاہیے جب کوئی کمائے گا نہیں تو وہ ٹیکسز کہاں سے ادا کرے گا۔