فوڈا تھارٹی:گرانفروشوں کیخلاف گرینڈ آپریشن
ملتان (لیڈی رپورٹر)ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کی ہدایت پر پنجاب فوڈ اتھارٹی نے غیر معیاری خوراک کی تیاری و ترسیل کیخلاف گرینڈ آپریشن شروع کردیا ،درجنوں فوڈ پوائنٹس، پروڈکشن یونٹس،واٹر پلانٹس کی چیکنگ، کئی سربمہر،بھاری جرمانے عائد۔
تفصیلات کے مطابق الرحمن ٹاؤن جلال پور روڈ پر واٹر پلانٹ کو پانی کا سیمپل فیل ہونے پر اصلاح تک بند کردیا گیا۔ اسی طرح بلال چوک پر سویٹس اینڈ بیکرز، چوک فوارہ پر سوہن حلوہ یونٹ اور چوک خونی برج پر بیکری کو پروڈکشن ایریا میں گندگی، ہیکنگ کے لیے فوڈ گریڈ سرٹیفکیٹس نہ ہونے ، سٹوریج ایریا میں حشرات کی بھرمار، خوراک کو ڈھانپ کر نہ رکھنے پر 80 ہزار روپے کے جرمانے عائد کئے گئے ۔ اسی طرح دہلی گیٹ پر میٹ شاپ کو گوشت پر مردہ مکھیاں پائے جانے ، گندے فریزر میں گوشت کی سٹوریج پر 30 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ چاہ بارنگ والا نواب پور روڈ، سیدن والی کھوئی اور 30 فٹی سیوڑہ چوک پر 3ملک شاپس کو ملاوٹی دودھ فروخت کرنے پر 32ہزار روپے کے جرمانے عائد کئے گئے ۔ مزید 557 ای بی روڈ اڈہ ماچھیوال میں بیکری پروڈکشن یونٹ کو خوراک کی تیاری میں بدبودار اور خراب انڈوں کا استعمال کرنے پر 20 ہزار جبکہ اڈہ 86 وہاڑی میں کریانہ سٹور کو چائنہ نمک فروخت کرنے پر 10 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔ مزید برآں موسیٰ ورک تلمبہ روڈ اور خان ٹاؤن میاں چنوں میں 3 سویٹس اینڈ بیکرز کو خوراک کی تیاری میں کھلے رنگ کا استعمال کرنے ، دودھ میں مردہ مکھیاں پائے جانے اور خوراک کی نامناسب سٹوریج پر 35 ہزار روپے کے جرمانے عائد کئے گئے ۔ علاوہ ازیں حسینی چوک کچا کھوہ میں پرانا اڈہ پر سپر سٹور کو ایکسپائری مشروبات کی موجودگی پر 30 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔