شیعہ علماء کونسل کی خراسان تا نمائش چورنگی احتجاجی ریلی

 شیعہ علماء کونسل کی خراسان تا نمائش چورنگی احتجاجی ریلی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) شیعہ علماء کونسل پاکستان کراچی ڈویژن کی جانب سے ضلع کرم پاراچنار میں گزشتہ دنوں ہونے والی بدترین دہشت گردی کے خلاف خراسان تا نمائش چورنگی احتجاجی ریلی نکالی گئی۔۔۔

 شرکاء ریلی سے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ شبیر حسن میثمی کا خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاراچنار کے مظلوم عوام طویل عرصے سے دہشت گردانہ کارروائیوں کا شکار ہیں علاقے کے امن و امان کو سبوتاژ کرنے کے لیے سازشی عناصر ہمیشہ سرگرم رہتے ہیں پاراچنار میں یہ دہشت گردی کا پہلا واقعہ نہیں اس سے پہلے بھی بے گناہ اساتذہ کا اسکول میں بہیمانہ قتل قومی نقصان تھا ۔حکومت نے عوام کو مہنگائی،بیروزگاری اور بیرونی غلامی کے بعد دہشت گردوں کے رحم وکرم پر چھوڑ دیا ہے ایک بار پھر سے ملک دشمن قوتیں پر امن پارا چنار کا امن خراب کرنے کے درپے ہیں پاراچنار کے مقامی عوام نے ہمیشہ سبز ہلالی پرچم کی عظمت کے گُن گائے ہیں وہ وطن عزیز کا مضبوط جغرافیائی و نظریاتی دفاع ہیں ان کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک نہ کیا جائے ۔ ضلع کرم میں بدترین فساد برپا کرنے کی جو چال چلی جا رہی اس کے نتائج انتہائی بھیانک ثابت ہو سکتے ہیں ضلع کرم کے بابصیرت و دانش مند عوام ملک دشمنوں کے عزائم سے بخوبی آگاہ ہیں۔ مٹھی بھر ملک دشمن عناصر انسانیت کے لیے بہت بڑا چیلنج بن چکے ہیں پاراچنار کے مسئلے پر صوبائی حکومت کو بارہا متوجہ کیا گیا لیکن ان کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگی ۔ ریلی سے علامہ ناظر عباس تقوی،علامہ اسد اقبال زیدی،علامہ جعفر سبحانی،علامہ بدرالحسنین عابدی،علامہ رجب علی حاتمی ودیگر نے بھی خطاب کیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں