سڑکوں پر تجاوزات بد ستور برقرار،ٹریفک نظام درہم برہ

سڑکوں پر تجاوزات بد ستور برقرار،ٹریفک نظام درہم برہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر )کمشنری نظام شہر قائد کی اہم سڑکوں اور مصروف مقامات سے تجاوزات کا خاتمہ کروانے میں ناکام ہوگیا ہے۔۔۔

اعلی عدالتی اور وزیر اعلیٰ سندھ کے تمام تر احکامات کے باوجود شہر کے مختلف علاقوں میں تجاوزات کی بھرمار ہے جس کی وجہ سے روزانہ کی بنیاد پر ٹریفک جام رہتا ہے ، شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق اعلیٰ عدالتی اور وزیر اعلیٰ سندھ کی جانب سے کراچی کے کمشنری نظام سمیت تمام معلقہ حکام کو شہر سے تجاوزات کو ہٹانے کے کئی بار احکامات دیے گئے لیکن اس کے باوجود شہر میں جگہ جگہ تجاوزات کی بھرمار ہے ۔ ایک سروے کے مطابق لیاقت آباد، نیو کراچی، ناظم آباد، صدر طارق روڈ اور برنس روڈ پر تجاوزات قائم ہیں جس کی وجہ سے صبح سے شام تک ٹریفک جام کی شکایت رہتی ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ لیاقت آباد سپریم مارکیٹ کے اطراف درجنوں پتھاروں کی وجہ سے پیدل چلنے کی جگہ نہیں رہی ، اس ہی طرح صدر ایمپریس مارکیٹ کے اطراف بھی جگہ جگہ پتھارے موجود ہیں جس کی وجہ سے یہاں روزانہ ٹریفک جام رہتا ہے ۔ ناظم آباد اور نیو کراچی کی مرکزی شاہراہوں اور سروس روڈ پر بھی ٹھیلوں کی بھرمار ہوتی ہے اس تمام صورتحال کے باوجود کمشنر کراچی اور تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز صرف اعلانات کی حد تک تجاوزات کے خاتمے میں مصروف ہیں ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ شہر میں تجاوزات کی مد میں تمام متعلقہ ادارے کروڑوں روپے بھتہ جمع کرتے ہیں، اس ہی وجہ سے تجاوزات کے خاتمے کیلئے کوئی بھی ٹھوس اقدامات نہیں ہوتے ۔ دوسری جانب کمشنرکراچی کے آفس کے کچھ افسران کا کہنا ہے کہ کچھ مقامات پر دوبارہ تجاوزات قائم ہوگئی ہیں جہاں جلد دوبارہ آپریشن ہوگا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں