جدید ٹیکنالوجی کا استعمال سیکھنا اور سمجھنا ناگزیر،مفتی منیب
کراچی(این این آئی)رویت ہلال کمیٹی کے سابق چیئرمین مفتی منیب الرحمن سے مرکزی صدر پاکستان سنی تحریک انجینئر ثروت اعجاز قادری اور علامہ بلال سلیم قادری شامی نے ملاقات کی۔
اس موقع پرسید پیر غلام رضوانی شاہ جیلانی،علامہ مولانا اشرف گورمانی ، صاحبزادہ احمد ربانی و دیگر علما کرام بھی موجود تھے ۔ ملاقات میں اسلام دشمن عناصر کی سرگرمیاں، ملک کی موجودہ صورتحال، دینی و علمی اور اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔مفتی منیب الرحمن نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کا استعمال اسے سیکھنا اور سمجھنا بہت ضروری ہے ۔نوجوان نسل کے ساتھ ہم سب کو اب یہ بات سمجھ آ جانی چاہیے کہ اسلام مخالف قوتوں اور کفارنے اعلان جنگ کر دیا ہے، یہ جنگ ہتھیاروں سے نہیں بلکہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے لڑی جا رہی ہے ۔ ثروت اعجاز قادری نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ توہین آمیز ویب سائٹس کے ذریعے مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کیا جا رہا ہے ۔ملک میں توہین آمیز مواد پھیلانے والی ویب سائٹس اور ایپلی کیشنز کو حکومت فوری طور پر بند کرے ۔جدید ٹیکنالوجی سے حملہ صرف پاکستان پر ہی نہیں بلکہ تمام اسلامی ممالک پر کیا جا رہا ہے ۔اسلام مخالف قوتیں ملک میں انار کی پھیلا رہے ہیں۔علامہ بلال سلیم نے کہا کہ اسلام مخالف قوتوں نے جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے مسلمانوں سے اعلان جنگ کر دیا ہے، ہمیں بھی جدید ٹیکنالوجی سے انہیں منہ توڑ جواب دینا ہوگا۔