نہر لوئر چناب کے ہیڈ چھناواں پل پر گڑھے پڑ گئے

نہر لوئر چناب کے ہیڈ چھناواں پل پر گڑھے پڑ گئے

وزیرآباد(نامہ نگار)دریائے چناب سے نکلنے والی بڑی مینول نہر لوئر چناب کے ہیڈ چھناواں پل پر گڑھے پڑ گئے ، شہریوں نے آمدورفت فوری بند کرکے متبادل راستہ بنانے کا مطالبہ کر دیا۔۔۔

وزیر آباد سے کوٹ ہرا سڑک کشادگی اور تعمیر نو میں بھی خطرناک پل ریاستی اداروں حکومت اور منتخب نمائندوں کی توجہ حاصل نہ کر سکا۔ انگریز دور حکومت میں نہر لوئر چناب سے منچر راجباہ تعمیر کی گئی جس کے ذریعے 82 دیہات کو نہری پانی تقسیم کیا گیا، مین روڈ وزیرآباد تا کوٹ ہرا ساڑھے 42 کلومیٹر سڑک کشادگی کا منصوبہ 10 سال میں مکمل کیا گیا مگر ہیڈ چھناواں نہر لوئر چناب کے دونوں اطراف ایک کلومیٹر سڑک کنٹریکٹر کی جانب سے ادھوری چھوڑ دی گئی ہے جس میں منچر راجباہ کا پل گرنے کے قریب پہنچ چکا ہے جس کے درمیان میں بڑا اور گہرا گڑھا کسی بھی وقت بڑے حادثہ کا سبب بن سکتا ہے ،مصروف ترین سڑک پر واقع ہونے سے ہر قسم کی ہیوی اور ممنوعہ ٹریفک بلا روک ٹوک گزر رہی ہے ۔ مقامی شہریوں شاہد نواز چٹھہ ،ذکا اللہ رندھاوا ،رانا ایوب نمبردار، میاں شوکت سندھو، رانا خورشید احمد، قیصر اقبال وڑائچ ،رانا سلطان احمد، چودھری محمد منیر، طاہر گجر نے ڈپٹی کمشنر گوجرانولہ، وزیرآباد نوید احمد سے فوری نوٹس لے کر اصلاح احوال کا مطالبہ کیا ہے ۔ انچارج منچر راجباہ اوورسیر سبط الحسن چیمہ نے بتایا کہ متاثرہ راجباہ پل اور ادھوری سڑک کی تعمیر محکمہ شاہرات کی دمہ داری ہے ، زرعی مقاصد کیلئے نہر کی ترسیل میں کوئی رکاوٹ پیدا نہیں ہوئی ٹریک کی روانی کیلئے محکمہ ہائی وے اقدامات کرے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں