ٹینری زون منتقل نہ ہو نیوالے یونٹوں کیخلاف کا رروائی کا حکم

 ٹینری زون منتقل نہ ہو نیوالے یونٹوں کیخلاف کا رروائی کا حکم

سیالکوٹ(نمائندہ دنیا ، ڈسٹرکٹ رپورٹر) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سیالکوٹ محمد اقبال سنگھیڑا نے کہا ہے کہ سیالکوٹ ٹینری زون میں منتقلی کی ٹائم لائن کو فالو نہ کرنے والی تمام ٹینریوں کو سیل کردیا جائے گا۔۔۔

یکم جنوری سے ضلع سیالکوٹ میں ماحولیاتی آلودگی پھیلانے اور سیالکوٹ ٹینری زون میں منتقلی سے انکاری ٹینریوں کے خلاف گرینڈ کریک ڈاؤن شروع گا، اس ضمن میں محکمہ ماحولیات کو ایکشن پلان بنا کر کارروائیاں کرنے کی ہدایت دے دی گئی ہے ۔ ٹینریوں کے خلاف کارروائی کے دوران محکمہ ماحولیات کو ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن اور پولیس کا مکمل تعاون حاصل ہوگا۔ یہ بات انہوں نے ٹینری زون پراجیکٹ کی امپلی منٹیشن کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات جوہر عباس، سی ای او ٹینری زون چودھری ذوالفقار احمد حیات، پراجیکٹ ڈائریکٹر ایس ٹی زیر محمد عاطف اور تحصیل آفیسر ماحولیات شاید علی ڈوگر بھی موجود تھے ۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد اقبال سنگھیڑا نے واضح کیا کہ ہر ٹینری کو سیالکوٹ ٹینری زون کے اندر شفٹ کرنا ہوگا، اس سلسلہ میں تمام سٹیک ہولڈرز اور ایڈمنسٹریشن ایک پیج پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹینریوں کے خلاف کارروائیوں اور اس ضمن میں دیگر احکامات پر عملدرآمد کیلئے ایکشن کمیٹی ہفتے میں دو بار میٹنگ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ کمشنر گوجرانوالہ اور ڈپٹی کمشنر پالیسی لیول کے معاملات کی نگرانی کررہے ہیں جبکہ امپلی منٹیشن کمیٹی کا کام فیصلوں پر من و عن عملدرآمد کروانا ہے ۔ انہوں نے ڈی ڈی ماحولیات کو ہدایت کی کہ وہ سیالکوٹ شہر میں فنکشنل اور نان فنکشنل ٹینریوں کا مکمل ڈیٹا بنائیں۔ اور جو ٹینری ایس او پیز کو فالو نہیں کررہی چاہے اس کا ٹینری زون میں پلاٹ ہے یا نہیں سیل کردیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ ٹینری زون میں 107 ٹینریاں تعمیر کے مراحل میں ہیں جبکہ مجموعی طور پر 433 پلاٹ مالکان نے نقشہ جات کی منظوری کے بعد کام کا آغاز کیا ہے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں