عزیز بھٹی پارک میں اربن فاریسٹ کا افتتاح

عزیز بھٹی پارک میں اربن فاریسٹ کا افتتاح

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے عزیز بھٹی پارک میں اربن فاریسٹ کا افتتاح کردیا۔

افتتاحی تقریب میں ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد ،ڈائریکٹر جنرل پارکس سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔اربن فاریسٹ کی مد میں پارک کے لیے 2ایکڑ مختص کیے گئے ہیں، جس میں شہر کا پہلا فروٹ فاریسٹ بھی قائم کیا گیا ہے ۔ اس فاریسٹ میں 5 ہزار پھلوں اور سبزیوں سمیت ماحول دوست درخت و پودے لگائے گئے ہیں جن میں چیکو، انجیر، ناریل، بھنڈی، بینگن، نیم اور پارس پیپل و دیگر شامل ہیں۔میئر کراچی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں ترقیاتی کام جاری ہیں اور مزید منصوبے بھی ہوں گے ۔ اخبارات میں مزید ٹینڈرز آ رہے ہیں۔ واٹر بورڈ کے حوالے سے جامع پریس کانفرنس میں کراچی کے پانی کے مسائل کے خاتمے کے لیے پیپلز پارٹی کے اقدامات بتاؤں گا۔ کے ایم سی کے مالی حالات پر بھی پریس کانفرنس کروں گا۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں کے ایم سی کو فنڈز کے بحران کا سامنا تھا، لیکن آج ہم وہی رقم ماہانہ کما رہے ہیں جو ماضی کے لوگ سالانہ کماتے تھے ۔ جماعت اسلامی کو مشورہ دیتے ہیں کہ مسائل کے حل پر توجہ دیں۔ گلشن، گلبرگ اور جناح ٹاؤن کے چیئرمین اگر واٹر بورڈ کے سربراہ ہوں تو پانی صرف ان کے ٹاؤنز میں آئے گا۔مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ کچھ منصوبے جو سوچے بغیر شروع کیے جاتے ہیں وہ شرمندگی کا سبب بنتے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں