ڈپٹی کمشنر خوشاب کا ڈی ایچ کیو ہسپتال جوہرآباد کا اچانک دورہ
مریضوں کو بروقت اور معیاری علاج کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے :گفتگو
خوشاب (نمائندہ دُنیا) ڈپٹی کمشنر خوشاب ڈاکٹر جہانزیب حسین لابر نے شہریوں کو سرکاری سطح پر فراہم کی جانے والی صحت کی سہولیات کا جائزہ لینے کے لیے ڈی ایچ کیو ہسپتال جوہرآباد کا اچانک دورہ کیا۔دورے کے دوران انہوں نے میڈیکل، پیرا میڈیکل اور نرسنگ اسٹاف کی حاضری چیک کی جبکہ ادویات کے ریکارڈ کی بھی جانچ پڑتال کی۔ ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال کے مختلف وارڈز میں جا کر زیر علاج مریضوں سے بات چیت کی، ان کے مسائل سنے اور ہسپتال کی جانب سے فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ڈاکٹر جہانزیب حسین لابر نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مریضوں کو بروقت اور معیاری علاج کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے اور اس ضمن میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔