پنجاب میں کپاس کی اگیتی کاشت کی حکمت عملی منظور

پنجاب میں کپاس کی اگیتی کاشت کی حکمت عملی منظور

سیکرٹری زراعت و کی زیر صدارت اجلاس ، کاٹن پلان کوحتمی شکل دی

ملتان (وقائع نگار خصوصی )سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو کی زیر صدارت ملتان میں کپاس کی اگیتی اور موسمی کاشت سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں کاٹن فورم کی جانب سے تیار کردہ جامع تجاویز پیش کی گئیں، جن کی روشنی میں صوبہ پنجاب میں کپاس کی آئندہ کاشت کے لئے حکمت عملی کو حتمی شکل دے دی گئی۔اجلاس میں سپیشل سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب سرفراز حسین مگسی، وائس چانسلر ایم این ایس زرعی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر آصف علی، ایڈیشنل سیکرٹری ٹاسک فورس شبیر احمد خان، ڈائریکٹر جنرلز محکمہ زراعت پنجاب نوید عصمت کاہلوں، ڈاکٹر عامر رسول، ڈاکٹر عبدالقیوم، کنسلٹنٹ ڈاکٹر محمد انجم علی سمیت کاٹن ماہرین سید حسن رضا، ڈاکٹر محمد اقبال بندیشہ، ڈاکٹر خالد حمید اور اپٹما کے کاٹن ایڈوائزر نے شرکت کی۔اس موقع پر سیکرٹری زراعت افتخار علی سہو نے کہا کہ کپاس کی اگیتی کاشت کے لئے موزوں تحصیلوں اور سفارش کردہ اقسام کی فہرست جلد جاری کی جائے گی تاکہ کاشتکار بروقت اور مؤثر منصوبہ بندی کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ لمبے ریشے والی اعلیٰ اقسام کی کاشت کو فروغ دیا جائے گا تاکہ ملکی ٹیکسٹائل صنعت کو معیاری خام مال کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے ۔افتخار علی سہو نے بتایا کہ بہاولپور ڈویژن کو باقاعدہ کاٹن ویلی میں تبدیل کرنے کے لئے دو ارب روپے سے زائد مالیت کا خصوصی پروگرام جاری ہے ، جس سے کپاس کی پیداوار میں اضافہ اور کاشتکاروں کی آمدن میں بہتری آئے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں