منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام ، درآمد شدہ کنیٹنر سے 47 کلو گرام کوکین برآمد

منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام ، درآمد شدہ کنیٹنر سے 47 کلو گرام کوکین برآمد

کراچی پورٹ پر اینٹی نارکوٹکس فورس کی کارروائی میں پکڑی گئی منشیات کی قیمت لاکھوں ڈالرز بنتی ہے ، اسکریپ پر مشتمل 7 درآمدی کنٹینرز کو مشکوک قرار دیا گیا،ترجمان اے این ایف

کراچی (نیوز ایجنسیاں)اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے کراچی پورٹ پر منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام بناتے ہوئے کامیابی حاصل کر لی۔اے این ایف نے انٹیلی جنس بنیادوں پر کی گئی کارروائی کے دوران درآمد شدہ ایک کنٹینر سے 47 کلوگرام کوکین برآمد کر لی۔ ترجمان اے این ایف کے مطابق ضبط کی گئی منشیات کی عالمی منڈی میں مالیت لاکھوں ڈالرز بنتی ہے ۔ کارروائی انٹیلی جنس پروفائلنگ اور رسک اسیسمنٹ کی بنیاد پر عمل میں لائی گئی، جس کے تحت اسکریپ پر مشتمل 7 درآمدی کنٹینرز کو مشکوک قرار دیا گیا۔گوجرانوالہ روانگی سے قبل ان تمام کنٹینرز کی انتہائی باریک بینی سے جامع تلاشی لی گئی، جس کے نتیجے میں ایک کنٹینر کے اندر انتہائی مہارت کے ساتھ چھپائی گئی کوکین برآمد ہوئی۔ منشیات کو جدید طریقوں سے چھپایا گیا تھا، تاہم اے این ایف کے تربیت یافتہ عملے نے پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے ا سمگلنگ کی اس کوشش کو ناکام بنا دیا۔

اے این ایف سمندری بندرگاہوں، ڈرائی پورٹس، شاہراہوں، بین الصوبائی راستوں اور ہوائی اڈوں پر منشیات کے خلاف موثر اور ہمہ وقت کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے ۔علاوہ ازیں کلکٹریٹ آف کسٹمز انفورسمنٹ کراچی کی اینٹی سمگلنگ آرگنائزیشن نے ایک کارروائی میں تقریباً 6 کروڑ 20 لاکھ روپے مالیت کے اسمگل شدہ 803 موبائل فونز کی کھیپ پکڑ لی۔ جن میں آئی فون، ویوو، گوگل پکسل، انفینکس اور سپارک شامل ہیں۔ ضبط شدہ موبائل فونز کی مالیت تقریباً 6 کروڑ 20 لاکھ روپے ہے جبکہ گاڑی کی قیمت تقریباً 2کروڑ 50 لاکھ روپے لگائی گئی ہے ۔اس طرح کیس کی مجموعی مالیت تقریبا ً8کروڑ 70لاکھ روپے بنتی ہے،ڈرائیور اور اس کے ہیلپر کو تحویل میں لے کر ایف آئی آر درج کرلی گئی۔موبائل فونز اور ٹرک کو ضبط کرکے اے ایس او گودام منتقل کردیا گیا ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں