کمشنر کا اجلاس، ڈویژن میں ترقیاتی اور نگرانی کے امور کا جائزہ
ڈویژن کے چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے چار اہم ایجنڈا آئٹمز پر تفصیلی بریفنگ
سرگودھا (سٹاف رپورٹر) کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان کی زیر صدارت ایک اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈویژن کے چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے چار اہم ایجنڈا آئٹمز پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں پنجاب سوشو اکنامک رجسٹری، غیر قانونی پٹرول پمپس کے خلاف کارروائی، افغان نیشنلٹیز کی واپسی، اور اربن ری جنریشن و سٹی بیوٹیفکیشن پلان پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر سرگودہا کیپٹن (ر) محمد وسیم، ڈپٹی کمشنر خوشاب جہانزیب حسین لابر، ڈپٹی کمشنر میانوالی اسد عباس اور ڈپٹی کمشنر بھکر احسان علی جمالی نے اپنے اضلاع کی صورتحال اور آئندہ لائحہ عمل سے آگاہ کیا۔
ڈپٹی کمشنرز نے بتایا کہ پنجاب سوشو اکنامک رجسٹری میں کام کا تناسب 86 فیصد سے 95 فیصد کے درمیان ہے ، شادی ہالز کی روزانہ مانیٹرنگ جاری ہے ، اور پولیو مہم کے اقدامات بھی زیر عمل ہیں۔ علاوہ ازیں، غیر قانونی پٹرول پمپس کے خلاف کارروائی اور بیوٹیفکیشن منصوبوں پر بھی پیش رفت رپورٹ کی گئی۔صاف پانی اتھارٹی کے حکام نے بریفنگ دی کہ فیز ون کے 85 میں سے 74 فلٹریشن پلانٹس فعال ہو چکے ہیں جبکہ باقی پر کام جاری ہے ۔ خوشاب میں بوٹلنگ پلانٹ کی تعمیر چار ماہ میں مکمل ہونے کی توقع ہے۔
ایکسین فیسکو مظہر ملک نے سرگودھا شہر میں جاری سٹی بیوٹیفکیشن منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔کمشنر سرگودھا نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ تاجروں کی سہولت کے لیے رات کے وقت بھی لیبر کی شفٹ لگائی جائے اور سڑک کی ایک سائیڈ مکمل ہونے کے بعد دوسری سائیڈ پر کام شروع کیا جائے ۔ انہوں نے غیر قانونی پٹرول پمپس کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل، افغان نیشنلٹیز کی منظم واپسی، اور منصوبوں کی مؤثر مانیٹرنگ پر زور دیا۔اجلاس میں ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ آصف اقبال ملک، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ بلال حسن، ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکنیکل رانا شاہد عمران، اے ڈی سی ہیڈکوارٹر ماجد بن احمد، ایکسین فیسکو مظہر ملک اور متعلقہ افسران نے بھی شرکت کی۔