گیس کی بندش ،کو ئلے کی مصنوعی تیاری اور ملاوٹ بڑھ گئی ، قیمتوں میں بھی اضافہ

 گیس کی بندش ،کو ئلے کی مصنوعی تیاری اور ملاوٹ بڑھ گئی ، قیمتوں میں بھی اضافہ

لکڑی سے کوئلہ تیار کرنے والی درجنوں نئی بھٹیاں قائم ہو رہی ہیں ،مافیا کچہ اور باریک کوئلہ صحیح کوئلے میں شامل کر کے بوریوں میں سپلائی کر رہا ،سرکاری چیک اینڈ بیلنس کے نظام کو فعال کیا جائے : شہری

سرگودھا (سٹاف رپورٹر) گیس کی بندش کے باعث شہر میں کوئلے کے استعمال میں اضافہ ہوا ہے ، جس کے نتیجے میں قدرتی کوئلہ کم پڑنے کے بعد مصنوعی طریقے سے کوئلے کی تیاری زوروں پر پہنچ چکی ہے ۔ شہر کے گردونواح میں لکڑی سے کوئلہ تیار کرنے والی درجنوں نئی بھٹیاں قائم ہو رہی ہیں۔ذرائع کے مطابق یہ بھٹیاں سارا سال کوئلہ تیار کرتی ہیں، مگر رواں برس گیس کی شدید بندش کے باعث شہریوں کو لکڑی کے ساتھ ساتھ کوئلہ بھی استعمال کرنا پڑ رہا ہے ۔ اس صورتحال کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ملاوٹ شدہ کوئلے کی فروخت بھی عروج پر ہے۔

ملوث مافیا کچہ اور باریک کوئلہ صحیح کوئلے میں شامل کر کے بوریوں میں سپلائی کر رہا ہے ، جبکہ پہاڑی کان سے نکلنے والا کوئلہ بھی مارکیٹ میں دستیاب ہے ۔تاہم مانگ زیادہ ہونے کی وجہ سے بھٹی سے تیار شدہ کوئلے کی قیمتیں مسلسل بڑھ رہی ہیں اور مڈل مین مافیا رات کو مقرر کردہ نرخ اگلے روز نافذ کروا رہا ہے ۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر سرکاری چیک اینڈ بیلنس کے نظام کو فعال کیا جائے تاکہ صارفین کو معیاری کوئلہ دستیاب ہو اور قیمتوں میں استحکام آئے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں