بی آئی ایس پی سے کروڑوں مستحق خواتین کو شناخت ملی ،روبینہ خالد
بے روزگاری بڑا قومی مسئلہ، سمزکے ذریعے ڈیجیٹل والٹس بنائے جائیں گے
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)چیئرپرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام بے نظیر بھٹو کا ایک احسن اور انقلابی اقدام تھا، لاکھوں اور کروڑوں مستحق خواتین کو شناخت ملی ،پروگرام کے تحت گھر کی سربراہ خواتین کو مالی معاونت فراہم کی جارہی ہے ،جب کوئی خاتون حاملہ ہوتی ہے تو بچے کی پیدائش سے لے کر دو سال کی عمر تک ماں اور بچے کی مکمل مانیٹرنگ کی جاتی ہے ،اس سرپرستی کے نتیجے میں کئی بچوں نے آگے چل کر تعلیمی میدان میں نمایاں کامیابیاں حاصل کیں اور ملک کا نام روشن کیا۔ملک کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں ایسی خواتین بھی موجود تھیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بی آئی ایس پی سینٹرل زونل آفس پنجاب کے دورے میں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ بے روزگاری ایک بڑا قومی مسئلہ ہے ، جس کے پیش نظر بے روزگار افراد کے لیے بھی مختلف پروگرامز متعارف کرائے گئے ہیں،تاکہ انہیں معاشی طور پر مستحکم بنایا جا سکے ۔ سمز کے ذریعے ڈیجیٹل والٹس بنائے جائیں گے اور یہ سمز بھی بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے دفاتر اور مراکز سے ہی فراہم کی جائیں گی۔