سکیورٹی اداروں کی جانب سے موک ایکسرسائز کا انعقاد
مشق میں مشکوک سرگرمی کی نشاندہی، بروقت کارروائی جیسے مراحل کامظاہرہ
لاہور(کرائم رپورٹر )آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کے احکامات اور ڈی آئی جی طیب حفیظ چیمہ کی ہدایت پر لاہور میں سکیورٹی اداروں کی جانب سے موک ایکسرسائز کا انعقاد کیا گیا۔ موک ایکسرسائز کا مقصد دہشت گردی کے ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے مختلف سکیورٹی اداروں کے درمیان باہمی کوآرڈینیشن اور فوری رسپانس کی صلاحیتوں کا جائزہ لینا تھا۔موک ایکسرسائز میں سپیشل پروٹیکشن یونٹ (ایس پی یو)، سپیشل برانچ، ضلعی پولیس، ریسکیو 1122 اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بھرپور شرکت کی۔ مشق کے دوران مشکوک سرگرمی کی نشاندہی، بروقت کارروائی، سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن اور زخمیوں کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے جیسے مختلف مراحل کا عملی مظاہرہ کیا گیا۔اس موقع پر ڈی آئی جی طیب حفیظ چیمہ نے کہا کہ موک ایکسرسائز جیسی مشقیں سکیورٹی اداروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو نکھارنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے نہایت ضروری ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ باہمی کوآرڈینیشن، فوری رسپانس اور جدید حکمتِ عملی کے ذریعے غیر ملکی شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔