پی ٹی آئی مذاکرات کیلئے سنجیدہ ہی نہیں ،امیر مقام
9مئی کے واقعات میں ملوث عناصر اداروں کو کمزور کرنا چاہتے ہیںعوام نعرے نہیں،ٹھوس نتائج اور ریلیف چاہتے ہیں ،مردان میں خطاب
مردان ( نمائندہ دنیا ) وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ ایک طرف مذاکرات کے لیے کمیٹی تشکیل دی جاتی ہے جبکہ دوسری جانب علیمہ خان پارٹی کے اندر مارشل لا نافذ کر کے اپنی ہدایات جاری کر رہی ہیں جو پی ٹی آئی کی اندرونی تضادات اور غیر سنجیدگی کا واضح ثبوت ہے ۔ اداروں اور حساس تنصیبات پر حملوں کا مقصد ریاست کو کمزور پیغام دینا تھا، تاہم دشمن اپنے مذموم عزائم میں ناکام رہا۔عوام نعرے نہیں بلکہ ٹھوس نتائج اور ریلیف چاہتے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مردان میں سینٹ پال چرچ میں منعقدہ کرسمس کی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،انہوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیوں نے ثابت کر دیا ہے کہ قوم اور سکیورٹی ادارے ہر مشکل گھڑی میں متحد ہیں ، 9 مئی کے واقعات میں ملوث عناصر بھارت کے ایجنڈے پر کام کرتے ہوئے اداروں کو کمزور کرنے کی کوشش میں مصروف ہیں۔ خیبرپختونخوا حکومت پر سنگین سوالات اٹھ رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ سے بیانات نہیں بلکہ عملی اقدامات کا مطالبہ ہے ، کیونکہ گلی کوچوں کے دوروں اور سوشل میڈیا سرگرمیوں سے گورننس نہیں چلتی۔