پتنگ بازی جاری، پولیس خونی کھیل روکنے میں ناکام

 پتنگ بازی جاری، پولیس خونی کھیل روکنے میں ناکام

شہر کے مختلف علاقوں میں منچلے دن بھر قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے رنگ برنگی پتنگیں اڑاتے رہے ،سخت کارروائیاں کی جا رہی ہیں:پولیس حکام

فیصل آباد(عبدالباسط سے )ضلعی پولیس پتنگ بازی جیسے خونی کھیل کو جڑ سے ختم کرنے میں ناکام ،گزشتہ روز دن بھر شہر کے مختلف علاقوں میں پتنگ بازحکومتی پابندی پتنگوں کے ساتھ ہوا میں اڑاتے رہے ،پولیس کے پتنگ بازی روکنے کے اقدامات نہ ہونے کے برابر دکھائی دیئے ۔ذرائع کے مطابق فیصل آباد میں پولیس کی جانب سے پتنگ بازی کی روک تھام کے لئے کئے جانے والے اقدامات مبینہ طور پر بے سود رہے ،گزشتہ روز شہر کے مختلف علاقوں میں منچلوں نے قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پتنگ بازی کا سلسلہ جاری رکھا ،دن بھر آسمان پر رنگ برنگیں پتنگیں اڑاتے رہے۔

مکینوں کا کہنا ہے کہ پتنگ بازی کے دوران ڈور پھرنے ، چھتوں سے گرنے ،ہوائی فائرنگ سمیت مختلف واقعات میں شہریوں کے زخمی ہونے اور جان سے ہاتھ دھونے کے کئی واقعات رپورٹ ہوتے رہتے ہیں، لیکن اس کے باوجود پولیس پتنگ بازی کو جڑ سے ختم کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکی ۔تھانہ منصور آباد، نشاط آباد، پیپلز کالونی، مدینہ ٹاؤن، گلبرگ، غلام محمد آباد، بٹالہ کالونی، ڈی ٹائپ کالونی اور سمن آباد سمیت دیگر علاقوں میں پتنگ بازوں کی جانب سے کھلے عام پتنگ بازی کرتے ہوئے قانون کی دھجیاں اڑانا معمول بن چکا ،پولیس مؤثر اقدامات کرنے میں مبینہ طور پر غیر سنجیدہ دکھائی دے رہی۔

یاد رہے تقریبا دو سال قبل تھانہ فیکٹری ایریا کے علاقے میں موٹر سائیکل سوار کی گلے پر ڈور پھرنے سے موت کے بعد شہریوں نے پتنگ بازی سے مکمل منہ موڑ لیا تھا لیکن اب دوبارہ شہری پتنگ بازی کی طرف راغب ہو رہے ہیں۔ سٹی پولیس آفیسر صاحبزادہ بلال عمر کے مطابق پتنگ بازوں اور پتنگ بازی کا سامان تیار کرنے والے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائیاں عمل میں لائی جا رہی ہیں ،اساتذہ، والدین اور دیگر تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے شہری بھی اس حوالے سے اپنی ذمہ داری پوری کریں ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں