14 کروڑ لاگت سے 2 روٹس پر 100 الیکٹرک بس شیلٹرز بنانے کی منظوری
ڈویژنل کمشنر نے10جنوری2026ء تک40شیلٹرز مکمل کرنے کی ہدایت کر دی،متعلقہ ٹھیکیدار کو تین شفٹوں میں کام کے لیے متحرک کیا جائے :راجہ جہانگیر انور
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات پر ڈویژنل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی نے 14کروڑ روپے کی لاگت سے 2 روٹس پر 100الیکٹرک بس شیلٹرز کے قیام کی منظوری دے دی۔تفصیلات کے مطابق کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور کی زیرصدارت گزشتہ روز ڈویژنل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر)ندیم ناصر، ایڈیشنل کمشنرز تنویر مرتضیٰ اور آصف اقبال چوہان، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن ملک مرتضیٰ، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ سید نوید اقبال، ایس ایس ہائی ویز اور دیگر افسر موجود تھے۔
کمشنر نے الیکٹرک بس شیلٹر کی تیاری کے کاموں میں تیزی لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ ٹھیکیدار کو تین شفٹوں میں کام کے لیے متحرک کیا جائے اور 10 جنوری 2026ء تک 40 بس شیلٹر مکمل کئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ وہ خود تعمیراتی کاموں کی مانیٹرنگ کرینگے اور معمولی تاخیر کی بھی گنجائش نہیں ۔ کمشنر راجہ جہانگیرنے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے اس اہم ٹاسک کو تیزی سے مکمل کرنے کی واضح ہدایات جاری کی ہیں، لہذا متعلقہ محکمے اپنی ذمہ داریوں کا ادراک کریں۔